شہدا کیلئے پیکیج کا اعلان:سمگلنگ ختم کرکے دم لیں گے،آرمی چیف کے تعاون پر شکرگزار ہوں:وزیراعظم

شہدا کیلئے پیکیج کا اعلان:سمگلنگ ختم کرکے دم لیں گے،آرمی چیف کے تعاون پر شکرگزار ہوں:وزیراعظم

اسلام آباد، ایبٹ آباد(نامہ نگار، نیوزایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کیلئے شہدا پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا سمگلنگ ختم کر کے دم لیں گے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے تعاون پر شکرگزار ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید کسٹمز انسپکٹر سید حسنین علی ترمذی کی رہائش پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں ہم نے جو شہدا پیکیج بنایا تھا اس پر یہاں پر بھی عمل کیا جائے گا ۔ان واقعات میں جو سپاہی شہید ہوئے ان کے لواحقین کو ایک ، ایک کروڑ روپے کی نقد امداد دی جائے گی، اس کے علاوہ ایک کروڑ 35 لاکھ روپے گھر کی قیمت فراہم کی جائے گی، اسی طرح جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی ،انسپکٹر اور سول افسروں کیلئے بھی پیکیج ہو گا، ان کے ورثا کو ڈیڑھ ، ڈیڑھ کروڑ روپے نقد اور گھر کیلئے اڑھائی ، اڑھائی کروڑ روپے کا الاؤنس دیا جائے گا، گھر خریدنا یا نہ خریدنا ان کی مرضی پرمنحصر ہو گا، بچوں کیلئے تعلیم اور علاج کی سہولت مفت ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کوئی احسان نہیں ہے ، یہ ان کا حق ہے جوا نہیں ملنا چاہئے ۔ موجودہ معاشی صورتحال میں اگرچہ یہ امدادی رقم زیادہ نہیں ہے لیکن جب بھی موقع ملا اس پر نظرثانی بھی کی جائے گی۔اس موقع پر شہید کے والد حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے ان کے گھر آ کر ان کا حوصلہ بڑھایا ہے ۔دریں اثنا وزیراعظم نے آئی ٹی کے شعبے میں خواتین کی خدمات کی پذیرائی کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انہیں جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ وارانہ مہارتوں سے آراستہ کرکے ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر پختہ یقین رکھتا ہوں، مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس سمیت ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہئے ، ہزاروں ڈالر کمانے والی خواتین کی تقریب میں شرکت کر کے خوشی ہوئی ہے ، ملک کے انتہائی باصلاحیت لاکھوں نوجوانوں پر مشتمل ملک کے عظیم اثاثہ کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے ،نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے ضروری سرمایہ کاری فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے آئی ٹی کے شعبہ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی خواتین میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے چیف ایگزیکٹو آفیسر اے پی ایم ٹرمینلز اور بورڈممبر اے پی مولر میئرسک کیتھ سوینڈسن کی سربراہی میں وفد نے ملاقا ت کی، کیتھ سوینڈسن نے کراچی میں پاکستان کی پہلی گرین ٹرانس شپمنٹ ٹرمینل کی تعمیر میں دلچسپی کا اظہار کیا۔مجوزہ منصوبے کی تعمیر سے کراچی کی بندرگاہ میں بڑے کارگوجہاز لنگر انداز ہو سکیں گے ۔مجوزہ منصوبے سے پوری دنیا کو پاکستانی برآمدات تک رسائی حاصل کرنے میں آسانی میسر ہو گی ۔وزیراعظم نے ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملیریا کے خلاف جنگ میں شامل ہونا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں