گورنرسے قمر زمان ،ڈائریکٹر ایس او ایس چلڈرن ویلج کی ملاقات

گورنرسے قمر زمان ،ڈائریکٹر ایس او ایس چلڈرن ویلج کی ملاقات

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی۔ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 قمر زمان کائرہ نے سلیم حیدر کو گورنر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی ۔ دونوں رہنمائوں نے ملکی ترقی واستحکام کے لیے سیاسی مفاہمت اور اتحاد پر زور دیا۔اس موقع پر گورنر نے کہا ملکی سلامتی اور استحکام جمہوریت سے وابستہ ہے ۔ ملک سیاسی طور پر مستحکم ہوگا تو معیشت میں بھی استحکام آئے گا۔قمر زمان کائرہ نے کہا ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاسی استحکام کیلئے بھر پور کردار ادا کریں گے ۔دریں اثنا گورنر پنجاب سے ڈائریکٹر ایس او ایس چلڈرن ویلج لاہور الماس بٹ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر منزہ شیخ نے بھی ملاقات کی۔ گورنر نے ایس او ایس چلڈرن ویلج لاہور کے رہائشی بچوں کے لیے 10 لاکھ کا چیک دیا۔گورنر نے عید الاضحی کے دن ایس او ایس چلڈرن ویلج کے دورے پر 10 لاکھ عطیہ کا اعلان کیا تھا۔اس موقع پر سلیم حیدر نے کہا بے سہارا بچوں کی خدمت کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے ۔ اسلام بھی ہمیں بے سہارا بچوں کے ساتھ شفقت کا سلوک کرنے کا درس دیتا ہے ۔ ہمیں بچوں کو معاشرے کا فعال اور ذمہ داری شہری بنانے کے لئے اپنی اسطاعت کے مطابق اپنا حصہ ڈالنا چاہئے ۔ گورنر نے اگلے سال ایس او ایس چلڈرن ویلج لاہور کے تین بچوں کو ایچیسن کالج میں سکالر شپ دینے کااظہار کرتے کہا ایس او ایس چلڈرن ویلج لاہور کے رہائشی بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں