ہمارے جتنا کام اپوزیشن 300سال میں نہیں کرسکتی :مریم نواز

ہمارے جتنا کام اپوزیشن 300سال میں نہیں کرسکتی :مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے پنجاب کے عوام سے وعدہ ہے کہ آپ کی وزیراعلیٰ مایوس نہیں کرے گی۔وعدہ ہے عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لئے ایک دن، ایک گھنٹہ، ایک منٹ بھی آرام سے نہیں بیٹھوں گی۔

پنجاب میں ایک بھی تقرری میرٹ کے خلاف نہیں ہوئی۔انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا بس کردو، پاکستان کو چلنے دو،اپوزیشن ہمارے جتنا کام 300 سال میں نہیں کرسکتی،نواز شریف نے کہا بانی پی ٹی آئی کی جیل میں ایک اے سی لگا ہے تو دو اے سی لگا دو۔ پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن سے طویل خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے 100 دن کی کارکردگی پیش کی اور کہا بس کریں پاکستان کو چلنے دیں،اپوزیشن والے بھی میرے بہن بھائی ہیں، جانتی ہوں ان میں بہت سے لوگ محب وطن ہیں ۔بجٹ سے اپوزیشن بھی خوش ہوگی پنجاب کے عوام پر پہلی بار کوئی ٹیکس نہیں لگا ۔انہوں نے کہا اپوزیشن والے شور نہیں کرنا چاہتے لیکن ان کو کرنا پڑتا ہے کیونکہ ان کے پاس کہنے کے لیے کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا ٹک ٹاک بنانے کے لئے بھی محنت کرنا پڑتی ہے ، سونے ،کھانے اور ورزش کی ویڈیوز سے ٹک ٹاک نہیں بنتی۔ مریم نواز نے کہا تین مہینے کی کارکردگی کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے اشتہار دیا جس میں لکھا تھا ہم مصروف تھے یہ خدمت نہیں بلکہ انتقام لینے میں مصروف تھے ۔تحریک انصاف کی حکومت نا اہلی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے اور لوگوں کے اے سی اتروانے میں مصروف تھی ۔نواز شریف نے کہا اگر عمران خان کی جیل میں ایک اے سی لگا ہے تو دوسرا بھی لگا دو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے ۔اقتدار میں آکر انتقامی کارروائی کرنا اور اپنے مخالف کے خلاف طاقت استعمال کرنا بہت آسان ہے ،طاقت کو اپوزیشن کے خلاف کبھی استعمال نہیں کیا۔

میں حلفا کہتی ہوں پنجاب حکومت اور نواز شریف نے مخالف کی کوئی سہولت بندکرنے کاحکم نہیں دیا۔باقی چوروں کو وہ سہولیات حاصل نہیں جو بانی پی ٹی آئی کو حاصل ہیں ۔انہوں نے کہا ان کو اس وقت شرم حیا کرنی چاہئے تھی جب یہ اپنے ملک پر حملہ کر رہے تھے ۔ان کو اس وقت شرم حیا کرنی چاہئے تھی جب انہوں نے توشہ خانہ کو کاروبار بنایا ۔ہم نے ان پر کوئی ظلم نہیں کیا،یہ اپنے اوپر ظلم کرنے کے لیے خود ہی کافی ہیں ۔ انہوں نے کہاپہلے والوں کی نا اہلی کا رونا نہیں روؤں گی جب کرپشن عام تھی اور رشوت کے بغیر کوئی فائل نہیں چلتی تھی۔ میں اپنے 100 دن کی کارکردگی عوام کے پاس لے کر آئی ہوں ۔ انہو ں نے کہا چار سال حکومت کرنے کے بعد یہ مجرمانہ جملہ کہا گیا کہ میں آلو،پیاز، ٹماٹر کے ریٹ چیک کرنے نہیں آیا مگر میں آلو،پیاز،ٹماٹر کے نرخ میں تاریخی کمی کرانے کے بعد ایوان میں آئی ہوں ۔یہ اپنا گلا پھاڑنے کی بجائے ، خیبر پختونخوا میں روٹی کی قیمت کم کروائیں ۔ انہوں نے کہا پنجاب میں ایک بھی تقرری میرٹ کے خلاف نہیں ہوئی۔پیپلز پارٹی، چودھری شافع حسین اور تمام اتحادیوں کا میرٹ کو یقینی بنانے میں سپورٹ پر شکریہ ادا کرتی ہوں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کسان کسی شرپسند کی باتوں میں نہ آئیں ۔ 10 ارب روپے کی لاگت سے پورے پنجاب میں لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز کر رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا آپ پڑھائی میں اچھے ہیں کسی اچھی یونیورسٹی میں داخلہ مل جائے تو فیس مریم نوازشریف ادا کرے گی ۔

انہوں نے کہا لاہور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے وائی ڈی اے کی ہڑتال ختم کروائی۔اگر کسی نے بھی غریب مریضوں کی خدمت میں خلل ڈالا تو میں آرام سے نہیں بیٹھوں گی۔میں کسی بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گی،غریب مریض کا استحصال ہوگا تو چپ رہ کر تماشہ نہیں دیکھوں گی ۔ انہوں نے کہا لاہور میں 200 مقامات پر ہائی سپیڈ وائی فائی انٹرنیٹ مہیا کیا جا رہا ہے ۔فری وائی فائی کے منصوبے کو پورے پنجاب تک پھیلائیں گے ۔تین مہینوں میں 18 ڈسٹرکٹس میں سیف سٹی نظام کو فنکشنل کر دیں گے ۔ ایک سال میں پنجاب کے 36 اضلاع میں سیف سٹی سسٹم لانچ کر دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا 100 دن کی کارکردگی کو سراہنے پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں ،اپنا وعدہ انشاء اللہ ایک سال کے اندر پورا کر کے دکھاؤں گی ۔سابقہ دور میں جو دوائیاں ہسپتالوں میں بند کر دی گئی تھیں وہ دوبارہ ملنا شروع ہو چکی ہیں ۔انہوں نے کہا اس سال ایجوکیشن سیکٹر میں ہر چیز کو ٹھیک کریں گے ۔ تہیہ کیاہے ہیلتھ کے شعبے میں انقلاب لا کر دکھائیں گے ۔انہوں نے ہمیں پولیس کے ڈنڈوں سے مارا، ہم ان کو اپنی کارکردگی سے ماریں گے ۔انہوں نے کہا وائی ڈی اے بات بات پر ہڑتال پر چلی جاتی ہے ۔اس طرح کے مائنڈ سیٹ کے ساتھ میں ڈیل کر رہی ہوں اور ریفارمز لانے کی کوشش کر رہی ہوں ۔پانچ سال بعد پنجاب کی کوئی گلی اور سڑک ٹوٹی نہیں ہوگی، صفائی اور ڈرینج کا پورا نظام موجود ہوگا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں