60ارب ڈالر برآمدات کاہدف،برآمد کنندگان کے مسائل 2ہفتے میں حل کریں:وزیر اعظم

60ارب ڈالر برآمدات کاہدف،برآمد کنندگان کے مسائل 2ہفتے میں حل کریں:وزیر اعظم

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی )وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات سالانہ 60 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف دیتے ہدایت کی ہے کہ برآمد کنندگان کے مسائل دو ہفتے میں حل کئے جائیں۔ یہ ہدایت وزیراعظم نے منگل کو اپنی زیر صدارت قومی ترقی برآمدات بورڈ کے اجلاس میں دی۔

 نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، گورنر سٹیٹ بنک، چیئرمین ایف بی آر اور بڑی تعداد میں برآمد کندگان نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں برس برآمدات 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں جن کو دو گنا کرنے کیلئے آئندہ پانچ برس کا منصوبہ پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ملکی برآمدات کو 60 ارب ڈالر سالانہ پر پہنچانے کا ہدف دے دیا اور کہا وزارت تجارت و متعلقہ ادارے آئندہ تین برس میں ہدف کیلئے عملی اقدامات کریں، حکومتی پالیسیوں کی بدولت انفارمیشن ٹیکنالوجی برآمدات 3.2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں جو خوش آئند ہے ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی برآمد کنندگان کے نشاندہی کردہ مسائل کو آئندہ دو ہفتے میں حل کرکے رپورٹ پیش کی جائے ۔ وزیر اعظم نے کہا ہر ڈیڑھ ماہ بعد قومی ترقی برآمدات بورڈ کے اجلاس کی خود صدارت کروں گا۔ معیاری بیج اور زرعی اجناس کی مزید پراسیسنگ کرکے انکی برآمد یقینی بنائی اور زیادہ پیداوار والی اقسام کو متعارف کرانے کیلئے اقدامات کو تیز کیا جائے ۔

برآمدات شپنگ مسائل کو فوری حل کرکے یورپ و امریکا میں پاکستانی سامان کی ترسیل کا دورانیہ کم کیا جائے اور وزارت تجارت سرمایہ کاری بورڈ سے چینی برآمدی صنعتوں کی پاکستان منتقلی پر تعاون یقینی بنائے ۔ ایف بی آر کی جانب سے برآمد کندگان کے ریفنڈز میں تعطل قبول نہیں کیا جائے گا۔ صنعتوں کیلئے بجلی کی لاگت کو کم کرنے کیلئے وزارت بجلی جامع منصوبہ پیش کرے ۔ دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان زرعی شعبے میں چین کی کامیابی سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے ،گوادر فری زون میں بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے چیئرمین زھانگ بن کی قیادت میں چین کی ہینگینگ ٹریڈنگ کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے کیا جس نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے گوادر پورٹ اتھارٹی کو چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات دینے اور گوادر فری زون میں یوٹیلیٹیز کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وفد نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایاکمپنی 50 ملین ڈالر کی لاگت سے گوادر میں جدید سہولیات سے آراستہ ذبحہ خانہ تعمیر کر رہی ہے جس میں مقامی لوگوں کیلئے ہزار کے قریب نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں