9مئی کے ماسٹر مائنڈ نے بالآخر منصوبہ بندی کا اعتراف گناہ کرلیا:مریم نواز

9مئی کے ماسٹر مائنڈ نے بالآخر منصوبہ بندی کا اعتراف گناہ کرلیا:مریم نواز

لاہور (اے پی پی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے بالآخر 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ نے منصوبہ بندی کا اعتراف گناہ کرلیا، نو مئی کے مجرم نے منصوبہ ساز ی اور سہولت کاری کا اعتراف کر لیا،یہ جماعت نہیں، انتشاری ٹولہ ہے جس کا مقصد صرف اور صرف شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانا ہے ۔

اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا زمان پارک دہشت گردوں کا تربیتی ہیڈ کوارٹر بنا رہا، پٹرول بم بنانے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی ،یہ کیسا پرامن احتجاج تھا جس میں 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملے ہوئے ، ائیرفورس کے طیاروں کو آگ لگائی گئی، کور کمانڈرز ہاؤس جلائے گئے ، شہدا کی یادگاروں کی توہین کی گئی ۔ انہوں نے کہاشواہد اور ثبوتوں کی موجودگی میں آئین اور قانون پر عمل کرتے ہوئے اس شرپسند، انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ہونا ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے ۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا پانچواں اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر، کمشنرز او رسیکرٹریز کے مالیاتی اختیارات بڑھانے اور ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈلیوری یونٹ ،پنجاب بھر میں اینٹومولوجسٹ ، اسسٹنٹ اینٹومولوجسٹ کی خالی آسامیوں پر بھرتی کی منظوری دی گئی۔

پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی میں بھرتیوں، آرکیٹکچر ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کیلئے الاؤنس ،پی پی ایس سی ملازمین کا کمیشن الاؤنس بڑھانے کی سفارش ، ماڈل بازار ہوم ڈلیوری پراجیکٹ رائیڈرز کیلئے بائیکس خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔ کمیٹی نے ملتان اور بہاولپور کے ریجنل بلڈ سنٹرز کے آر ٹی ای ایچ ٹی کے ساتھ معاہدے کی ایک سال کیلئے توسیع ،ملتان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کیلئے گرانٹ میں اضافے کی منظوری دیدی۔ مریم نواز نے بارش کے دوران روڈز کو کلیئر رکھنے کا حکم دیا اور ہدایت کی ہے کہ لاہور اور دیگر شہروں میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے لاہور سمیت تمام شہروں میں نکاسی آب کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا عملہ اور افسر پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک فیلڈ میں رہیں ۔۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے 65ویں انٹرنیشنل میتھ میٹکس اولمپیاڈ (IMO 2024)میں چاندی اور کانسی کے تمغے حاصل کر نے پر پاکستانی طلبہ کے لئے حرف تحسین پیش کیاہے ۔ انہوں نے طلبہ کو ٹریننگ دینے والے اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر سرفراز احمد اور ڈاکٹر ہانی شاکر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔رضی حسن منصور اور محمد احمد بھٹی نے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں