مریم اورنگزیب کادورہ قصور،آلودگی کاباعث متعددبھٹے گروادیئے

مریم اورنگزیب کادورہ قصور،آلودگی کاباعث متعددبھٹے گروادیئے

لاہور(نیوز ایجنسیاں)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ماحول کے تحفظ پر پالیسی دو ٹوک ہے ، آلودگی وسموگ کا سبب بننے والی ہر چیز کے خلاف کارروائی ہو گی۔زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کام کرنے والے اینٹوں کے تمام بھٹے مسمار کر دیئے جائیں گے ۔

سینئر وزیر نے قصور کا اچانک دورہ کیا اور سموگ کا باعث بننے والے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر چلنے والے متعدد بھٹوں کو اپنی نگرانی میں گروا دیا۔اس موقع پرسیکرٹری ، ڈی جی ماحولیات ودیگرافسروں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا ماحول کو آلودہ کرنے اور سموگ پھیلانے والے بھٹے اور کارخانے بند کرادیئے جائینگے ۔پنجاب بھر میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھٹہ نہیں چلنے دیں گے ، حکومت نے ماحول دوست پالیسی کے تحت پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی، پنجاب بھر میں سموگ کے خلاف آپریشن جاری ہے ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو بھی چیک کیا جا رہا ہے ۔ میڈیابھی نشاندہی کرے ، فوری ایکشن لیا جائے گا۔ لاہور اور دیگر اضلاع کو ماحول کو خراب کرنے والی فیکٹریوں سے پاک کر دیا جائے گا۔ لاہور،شیخوپورہ اورقصور میں چمڑہ جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔مونجی کی فصل جلانے والوں کو بھی جرمانے ہوئے اور مقدمات درج کرائے گئے ۔مریم اورنگزیب نے عدلیہ سے درخواست کرتے کہا ماحول کو زہریلا کرنے والوں کو حکم امتناعی نہ دیاجائے ۔ریاست کے تمام اداروں کو ملکر اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں