رؤف حسن کے بھارتی روابط،پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب:وزیر اطلاعات:جبرکانیا دور شروع ہونیوالا:تحریک انصاف

رؤف حسن کے بھارتی روابط،پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب:وزیر اطلاعات:جبرکانیا دور شروع ہونیوالا:تحریک انصاف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ رؤف حسن کے بھارتی روابط سے پی ٹی آئی کا ملک دشمن ایجنڈا بے نقاب ہوگیا۔ فیض ، نیازی گٹھ جوڑ نے پاک فوج مخالف بیانیے بھی ملکر چلائے تاکہ ادارے میں تقسیم کا تاثر دیا جائے ۔

پی ٹی آئی رہنما کے غیر ملکی دشمنوں سے روابط پر ردعمل میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور فیض حمید کے گٹھ جوڑ کے  معاملات، مشرقی بارڈر کے پار پاکستان مخالف جذبات رکھنے والے صحافیوں سے پی ٹی آئی کے روابط اور مغربی بارڈر کے ذریعے فتنہ الخوارج کو واپس لانے کے فیصلے ملک دشمنی کی بدترین مثال ہیں۔اب سمجھ آ رہی ہے کہ 9 مئی کے حملے کیوں کئے گئے ، پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں سوشل میڈیا سیل ملک دشمنوں سے روابط کا بڑا ذریعہ تھا، اس سیل کے ذریعے پاک فوج اور سپہ سالار کے خلاف بھی مہم چلائی جا رہی تھی جس کے تانے بانے آج بھارت کے ساتھ مل رہے ہیں۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ فارن فنڈڈ ٹولے نے ملک دشمنی کی ہر حد عبور کرلی ہے ، کوئی شک نہیں رہا کہ ان کا اصل ہدف پاکستان کے قومی مفادات اور فوج کو نقصان پہنچانا تھا، یہ لوگ پاکستان میں بیٹھ کر بھارتی ایجنڈا پورا کر رہے ہیں، پاکستان پر وار کرنے والے دہشت گردوں کو بھی اسی لئے واپس لائے تاکہ بھارتی ایجنڈا پورا ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ فیض حمید بھی بانی پی ٹی آئی کا اہم مہرہ بنا رہا اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے پی ٹی آئی کا سیاسی مہر ہ ثابت ہوا، قوم کو یہ اصلیت بھی معلوم ہو گئی کہ مرشد کا موکل فیض تھا، فیض مرشد کا نہیں بلکہ فیض حمید کا تھا۔

فیض ، نیازی گٹھ جوڑ کے تانے بانے نیازی کے گھر بشریٰ سے بھی ملتے ہیں جو اِس گٹھ جوڑ میں ایک مرکزی کردار تھی۔ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چودھری نے کہا ہے کہ ایک طاقتور ادارے نے اپنے گھر سے احتساب شروع کیا ہے باقی ادارے بھی کریں۔اپنے ایک ویڈیو بیان میں سینیٹر طلال چودھری کا کہنا تھا کہ خوداحتسابی کا عمل ہرادارے کوکرنا چاہیے ، رؤف حسن غیر ملکی صحافیوں کے ساتھ رابطے میں تھے ، رؤف حسن اینٹی پاکستان صحافیوں کوحساس مواد دے رہے تھے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسی وقت کئی جج صاحبان پلان کے مطابق فیصلے کر رہے تھے ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثارجھوٹ بول رہے ہیں،سی پیک کے دوران جان بوجھ کردھرنے دیئے گئے ، اس وقت ثاقب نثار نے ایسے فیصلے دیے جنہوں نے پاکستان کواس نہج تک پہنچایا۔پی ٹی آئی کے چارسالوں میں ہمسایہ ممالک کوناراض کیا گیا، رؤف حسن اور کورٹ مارشل کی باتیں ناکافی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ رؤف حسن اکیلے آدمی نہیں تھے یہ ایک پورا پلان تھا، ان کے تانے بانے بانی پی ٹی آئی سے ملتے ہیں، احتساب ہرادارے کو کرنا ہو گا ورنہ حکومت کو کارروائی کرنی پڑے گی۔

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں )پی ٹی آئی رہنما ئوں نے کہا ہے کہ ملک میں نظر آرہا ہے کہ شاید ظلم و جبر کا کوئی نیا دور شروع ہونے والا ہے ۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جو آٹھ فروری کو الیکشن ہوئے تھے وہ کبھی نہیں بھلائے جائیں گے ، آٹھ فروری کے دن جس خوف کو ختم کر کے عوام باہر نکلی ان کا خیال تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کو شاید دس ، بیس ووٹ ملیں گے ۔سلمان اکرم نے کہا عوام نے خوف کے باوجود یہ ثابت کیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، آج ملک سے نوجوان نسل باہر نکلنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے ، ملک سے فراڈ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ آج جو ملک میں ہو رہا ہے وہ بہت شرم ناک ہے ۔ پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر سلمان نے کہا ہے کہ اس وقت 73 قومی اسمبلی کے حلقوں کی پٹیشن دائر کی گئی ہیں جس میں سے 40 پنجاب سے ہیں، پنجاب سے اگر انصاف ملتا ہے تو بڑے بڑے برج گریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہے کہ اس وقت ملک کس طرف جا رہا ہے ،لوگ سمجھتے تھے کہ تحریک انصاف کو سیٹیں نہیں ملیں گی، جب ملیں تو فارم 45 کو بدلا گیا، نواز شریف کے حلقے میں یاسمین راشد جیت چکی تھی ، میرے حلقے میں مجھے اٹھا کر گریبان سے پکڑ کر آر او کے دفتر سے باہر پھینکا گیا، میری بیوی میری ایجنٹ تھی اس کے ساتھ بھی یہ ہی سلوک کیا گیا۔

میرے ساتھ جو سلوک کیا گیا میں ساری زندگی اس پر ان کا پیچھا کروں گا۔ سلمان اکرم نے کہا کہ پنجاب میں ابھی الیکشن ٹریبونل نے سماعت شروع ہی نہیں کی، اب کہا جا رہا ہے ریٹائرڈ جج الیکشن کمیشن لگائے گا، ہمارا تو مقدمہ ہی الیکشن کمیشن کے خلاف ہے ، عوام کے ووٹ کا ضیاع نہیں ہونے دیں گے ، وقت بدلتے دیر نہیں لگتی ، میں تمام لوگوں کا پیچھا کروں گا جنہوں نے زیادتی کی ہے ، ہم پاکستان کے وفادار ہیں، عوام اور اداروں کے درمیان نفرت پیدا کرنے والا پاکستان کا دشمن ہے ہمیں متحد ہونا ہے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب آپ 16 سیٹوں والی جماعت کو اقتدار نہیں دیں گے جب آپ 16 سیٹوں والی جماعت کو دو تہائی اکثریت دینے کی کوشش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے خوف کے باوجود یہ ثابت کیا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، آج ملک سے نوجوان نسل باہر نکلنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے ،اداروں اور عوام میں خلیج پیدا کرنے والے ملک دشمن ہیں ۔اس موقع پر بیرسٹر تیمور نے کہا کہ ہمارے ساتھ 8 اور 9 فروری کی رات جو ہوا وہ سلوک آج بھی جاری ہے ، ہمیں مخصوص نشستیں آج بھی نہیں دی جا رہیں، حاجی امتیاز کو آج بھی اغوا کرکے رکھا ہوا ہے ، ہمارے ایم این ایز رانا بلال اعجاز اور رانا فراز نون کے ووٹ مسترد کر کے ہماری سیٹیں کم کی جا رہی ہیں، ہم پاکستان کے پر امن شہری ہیں، ہم پاکستان کے مثالی شہری ہیں، اگر ہمارے جیسا کوئی مثالی شہری ہے تو ہمارے سامنے لا کر بٹھائیں لیکن آپ نے ہمیں بھی پارلیمنٹ میں نہیں جانے دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں