اصلی ،نقلی حکمران سن لیں پاکستانی وسائل پر عوام کا حق :فضل الرحمٰن

اصلی ،نقلی حکمران سن لیں پاکستانی وسائل پر عوام کا حق :فضل الرحمٰن

لکی مروت(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے صوبائی حکومت سمیت حکمران طبقے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصلی ،نقلی حکمران سن لیں پاکستانی وسائل پر عوام کا حق ہے۔

ہم اپنے وسائل پر قبضہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے ، ہم نے سکولوں اور کالجوں کا تحفظ کیا تھا لیکن یہ مدارس کا تحفظ نہیں کرسکتے ۔لکی مروت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل پر قبضہ کسی صورت قبول نہیں، ہم اپنے بچوں کے وسائل پر کسی کو قابض ہونے نہیں دیں گے ۔ میرے حقوق پر کسی کو قابض ہونے کی اجازت نہیں، عالمی قوتیں میرے ملک کی مذہبی شناخت ختم کرنا چاہتی ہیں ،آج چین اور سعودی عرب جیسا دوست ہم پر اعتبار نہیں کر رہا ہے ، یہ بداعتمادی کیوں پیدا ہوئی، ہندوستان کے قومی ذخائر 500 ارب ڈالر ہیں اور ہمارے پاس 10 ارب بھی نہیں ہیں۔ آج ہندوستان کیوں ترقی کر رہا ہے ، کیا کسی نے سوچا ہے ، آج افغانستان کی کرنسی ہم سے بہتر کیوں ہے ۔افغانستان ویران ہے مگر اس کے باوجود ہم سے آگے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج لوگوں کو ڈرایا جا رہا ہے ، معیشت بھی تباہ کر دی اور ملک کو بھی تباہ کردیا گیا ہے ۔مدارس پر چڑھائی کیوں کی جاتی ہے ، مدارس کی رجسٹریشن ترک کی ہوئی ہے اور کہہ رہے ہیں کہ وہاں سے دہشت گردی ہو رہی ہے ، حیا کی چادر ہم سے نوچ لیتے ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں، جمعیت علمائے اسلام ان کی محافظ ہے ۔حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے سکولوں اور کالجوں کو تحفظ دیا تھا، یہ لوگ مدارس کی حفاظت کیوں نہیں کر سکتے ، ہم ان مد ارس کی حفاظت کریں گے ، تم مر جاؤ گے مگر ان دینی مدارس کو ختم نہیں کر سکتے ۔مولانا فضل الر حمن نے کہا کہ ہم نے ملک میں تحریکیں چلائی ہیں، آئین میں ترامیم کی ہیں، ہم بلوچوں کے وسائل کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم پختونوں کے وسائل کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میں قرارداد پیش کرتا ہوں، ہم امن چاہتے ہیں اور زبردستی چاہتے ہیں، ہم اپنی زمین کے وسائل کا حق چاہتے ہیں، وسائل پر عوام کے حقوق د ینا ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں