عوام اب کپیسٹی چارجز کا بھاری بوجھ نہیں اُٹھا سکتے، حافظ نعیم

عوام اب کپیسٹی چارجز کا بھاری بوجھ نہیں اُٹھا سکتے، حافظ نعیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بجلی کے بھاری بلوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے صرف پنجاب میں 2 ماہ کے لیے 14 روپے فی یونٹ کمی کے بجائے پورے ملک میں بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی جائے۔

آئی پی پیز کا سلسلہ 1994ء سے چل رہاہے، 2013 سے 2018کے درمیان اور اس کے بعد بھی آئی پی پیز سے عوام دشمن معاہدے کیے گئے ، آئی پی پیز کا بھاری بوجھ ڈالنے میں پیپلز پارٹی، نواز لیگ، ق لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کا حصہ ہے ،عوام اب ان کپیسٹی چارجز کا بھاری بوجھ مزید نہیں اُٹھا سکتے ۔ حکومت نے جماعت اسلامی سے معاہدے کے مطابق عوام کو ریلیف نہ دیا تو ملک بھر سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ شروع کیے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کو عام انتخابات میں کراچی کے عوام نے مسترد کر دیا تھا لیکن اس کے باوجود جعلی فارم 47کے ذریعے اسے بھی کراچی میں سیٹیں دے دی گئیں، ایم کیو ایم ماضی میں ہر حکومت میں شامل رہی اور آج بھی حکومت کا حصہ ہے لیکن اس نے کراچی کے عوام کے لیے زبانی جمع خرچ سے زیادہ کچھ بھی نہیں کیا اور آج بھی صرف بیانات دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کراچی سمیت پورے ملک میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں، امیر جماعت نے کہا کہ کراچی سمیت پورے سندھ میں بارش کے بعد پیدا شدہ صورتحال سے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں