دوسرے صوبے بھی پنجاب کی طرح بجلی بلوں میں ریلیف دیں:شہباز شریف

دوسرے صوبے بھی پنجاب کی طرح بجلی بلوں میں ریلیف دیں:شہباز شریف

اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے دوسرے صوبے بجلی بلوں پر سیاست نہ کریں بلکہ پنجاب کی طرح عوام کو ریلیف دیں، قومی فنانس کمیشن کے تحت ان کو منتقل ہونے والے کھربوں روپے کا ایک حصہ عوام کی سہولت کیلئے نکالنا چاہئے ۔

پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے 200 سے 500 یونٹ تک بجلی صارفین کوریلیف دیا، باقی صوبے بھی یہ ریلیف دے سکتے ہیں لیکن کچھ لوگوں سے ایسی باتیں سننے کو ملیں جن پر افسوس ہوا۔منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پنجاب حکومت نے اپنے ترقیاتی بجٹ میں سے 45 ارب روپے بجلی کے ان صارفین کو دو ماہ کی مدت کیلئے 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کے لیے خرچ کئے ہیں جو 200 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کر رہے ہیں، یہ عوام کا حق ہے ، وفاقی حکومت کا اس ریلیف پیکیج میں کوئی حصہ نہیں، دوسرے صوبوں کو بھی ایسا کرنا چاہئے ، اگر خیبرپختونخوا حکومت عوام کو ایسا ریلیف دینا چاہتی ہے تو ہمیں خوشی ہوگی، سیاست سے گریز اور حقائق کو مسخ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ کے پی کے حکومت کے نمائندے کی جانب سے وفاقی حکومت نے کسی امتیازی سلوک کا الزام لگانے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ان کا اس پیکیج سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

انہوں نے کابینہ ارکان کو بتایا کہ این ایف سی کے تقریبا 60 فیصد فنڈز صوبوں کو د ئیے گئے ہیں، وفاقی حکومت کو غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں پر قرضوں اور سود کی ادائیگی کی صورت میں بے پناہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے اجلاس کو بتایا وفاقی حکومت نے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو تین ماہ کا ریلیف فراہم کرنے کے لئے 50 ارب روپے مختص کئے ہیں جو کل گھریلو صارفین کا 86 فیصد بنتا ہے ۔انہوں نے کہا بلوچستان حکومت کے ساتھ شراکت داری میں صوبے میں 70 ارب روپے کی لاگت سے 28 ہزار ٹیوب ویل شمسی توانائی پر منتقل کئے جائیں گے جس میں سے 55 ارب روپے وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا اس سے 28,000 کسانوں کو فائدہ پہنچے گا اور ساتھ ہی بجلی چوری کے مسئلے پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے معیشت کے استحکام اور ملکی تجارت اور برآمدات کو بڑھانے کے لئے طویل المدتی اقدامات پر کام کر رہی ہے ۔

وزیراعظم کا کہنا تھا بجلی کے مسئلے کا دیرپا حل ڈھونڈ رہے ہیں، پی ٹی آئی حکومت کی طرح کوئی جاہلانہ قدم نہیں اٹھائیں گے ، آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہوچکا ہے ۔ وفاقی حکومت آئی ایم ایف کو آگاہ کرنے کے بعد ایسے تمام اقدامات کرے گی، پی ٹی آئی حکومت نے پاکستان کے وقار کو نقصان پہنچایا ،پی ٹی آئی کے معاہدے کی خلاف ورزی کے \"غیر معقول\" اقدام نے ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچا دیا تھا۔حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے شہباز شریف نے اجلاس کو بتایا مہنگائی 38 فیصد سے کم ہو کر 11.5 فیصد ہو گئی ہے ،مہنگائی تین سال کے مقابلے میں کم ترین سطح پر ہے ، اس کو مزید کم کرنا ہے ۔ قبل ازیں وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا ۔جاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ کو مبارک ثانی مقدمے کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا وزیراعظم کی ہدایت پر مبارک ثانی مقدمے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں 17 اگست 2024 کو ایک اضافی درخواست دائر کر دی گئی ہے ۔

کابینہ کو بتایا گیا اس مقدمے کے حوالے سے قومی اسمبلی میں تفصیلی بحث ہوئی اور یہ معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے حوالے کیا گیا ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ قومی اسمبلی وفاقی حکومت کو یہ ہدایت دے گی کہ اس مقدمے کے واقعاتی اور قانونی پہلوؤں اور علمائے کرام کی رائے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے درخواست دائر کی جائے ۔ اس حوالے سے وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں اضافی درخواست دائر کی گئی ۔وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری ، صنعت و تجارت اور پاکستان کی وزارت تجارت کے درمیان الیکٹرانک تجارت (ای- کامرس)کے شعبے میں تعاون کے فروغ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی ۔وفاقی کابینہ نے وز ارت وفاقی تعلیم و پیشہ و رانہ تربیت کی سفارش پر کمپنیز ایکٹ -2017 کی سیکشن 42 کی روشنی میں قومی کمیشن برائے تکنیکی و پیشہ و رانہ تربیت کے تحت \"پرائم منسٹرز سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی\"کے قیام کی منظوری بھی دی۔

کمپنی کا قیام تکنیکی و پیشہ و رانہ تربیت کے لئے فنڈز اکٹھے کرنا ، فنڈ مینجمنٹ اور اس فنڈ کے تحت مختلف تربیتی پروگراموں کا نفاذ ہے ۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر کنگ حماد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز کے آپریشنز نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی اس حوالے سے وزارت قومی صحت اور وزارت دفاع کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے ـ۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 12 اگست کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 15 اگست کو ہونے والے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔دریں اثناء شہبازشریف نے کہا ہے فلسطین کی آزاد ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا پائیدار حل ہے ۔ فلسطین کے سبکدوش ہونے والے سفیر احمد جواد عبد العزیز رابعی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے فلسطینی عوام اور ان کے حق خود ارادیت کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ احمد جواد عبد العزیز رابعی نے اپنے پانچ سالہ دور تعیناتی میں پاکستان کی جانب سے بہترین مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف سے پاکستان سے تعلق رکھنے والے یو کے کی معروف یونیورسٹی آف آکسفورڈ میں آکسفورڈ یونین کے نو منتخب صدر اسرار خان کاکڑ نے ملاقات کی ۔وزیراعظم نے اسرار خان کاکڑ کو بیرونِ ملک پاکستان کا نام روشن کرنے پر سراہا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں