بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ،مقابلہ کریں گے ، خواجہ آصف

بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ،مقابلہ کریں گے ، خواجہ آصف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی جعلی بیانیہ چلا رہی ہے ، بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے ، اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے ۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات واضح ہو رہے ہیں، پاکستان کی وحدت کا بھرپور دفاع کیا جائے گا، جلسہ کامیاب ہونا ہوتا تو کبھی منسوخ نہ کرتے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد دوبارہ 9 مئی کرنا ہے ، گزشتہ ڈیڑھ سال گولڈ اسمتھ کے ذریعے کئی آرٹیکل چھپوائے گئے ، آپریشن گولڈ اسمتھ کے ذریعے یہ حکومت میں آئے اورپارٹی بنائی، یہ چاہتے ہیں حالات ایسے کردیئے جائیں کہ سنبھالے نہ جائیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ ملتوی ہونے میں اسٹیبلشمنٹ کاکوئی کردار نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یقینی طور پر بانی پی ٹی آئی کو جلسے کی ناکامی کے بارے میں بتایا گیا ہے ، اعظم سواتی کو بڑی دیر کے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا موقع ملا ۔بانی پی ٹی آئی سے لے کر نیچے تک ان کی پارٹی میں سب چور ہیں، علی امین گنڈاپور اور ان کی کابینہ ایک دوسرے کو چور کہہ رہے ہیں، انکے تضادات سب کے سامنے ہیں ۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جلسے کی منسوخی کے بعد بشریٰ بی بی اور دیگر کی گفتگو سامنے آئی ، سیاسی ماحول ہروقت گرم رہتا ہے ، کوئی زہر دے رہا ہے نہ ان کی سپرنٹنڈٹ سے کوئی گفتگو ہوئی، ان کی گفتگو نے ملک سے خلوص پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ۔ان کا کہنا تھا کہ کروڑوں لوگوں نے 9 مئی دیکھا ، یہ کہتے ہیں ہم نہیں تھے ، 9 مئی کو ہونے والے واقعات بغاوت تھی، 9 مئی کو للکارنے والے کسی مسجد یا چیریٹی شو کے باہر تھے ؟ یاسمین راشد گاڑی کے اوپر بیٹھی ہوئی تھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اخبارات میں پیسے دے کر آرٹیکل چھپوائے گئے ، ملک کے خلاف بغاوت کا بیانیہ بنایا گیا، یہ بیانیہ بغاوت پر اکسانے کیلئے بنایا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں