زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کیلئے ملاقات کی :اچکزئی

زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کیلئے ملاقات کی :اچکزئی

مردان( نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کے لیے ملاقات کی ہے ، صرف 9مئی کی نہیں دوسرے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے ۔

مردان پریس کلب میں  میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے دعویٰ کیا کہ زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کے لیے ملاقات کی ہے ، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بھی چندے کے نام پر رشوت لے رہی ہیں۔محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں حق حکمرانی سب سے بڑا مسئلہ ہے ، انتخابات میں ملک بھر میں پی ٹی آئی جیت چکی ہے اور حکمرانی بھی اس کا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں آئین کی حکمرانی ہوتی تو پاکستان نہ ٹوٹتا،بھٹو کو پھانسی نہ ہوتی اور نہ ہی بینظیر قتل ہوتی۔محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈوب رہا ہے ، پاکستان کے تمام مسائل اندرونی ہیں اور ہم بھیڑیوں کی طرح ملک کو نوچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو برابر کے حقوق دیئے جائیں، ہم خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا کہنا تھا کہ فوج اور ایجنسیوں کے بغیر ملک نہیں چلتا، پاکستان چلانے کے لئے آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کو طاقت کا سر چشمہ تسلیم کرنا ہوگا۔محمود اچکزئی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں نوازشریف نے وزارت کی پیش کش کی تھی مگر میں نے انکار کردیا تھا۔ اچکزئی نے کہاہے کہ آئینی ترامیم قوم کے مفاد میں ہوئیں تو ساتھ دیں گے ،چیف جسٹس سمیت کسی کو ایکسٹینشن نہیں دینی چاہیے ،محموداچکزئی نے کہاکہ پاکستان کی وسائل پر دنیا کی نظریں ہیں ،اس کیلئے بڑی جنگ مسلط کرنے کی سازش ہورہی ہے ان مست سانڈوں کی جنگ کو ہرصورت روکنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ زور زبردستی سے ملک نہیں چلتا ہمیں کھلے دل سے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرناہوگا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں