آئی پی پیز کولگام نہ ڈالی توچھوڑیں گے نہیں :حافظ نعیم

 آئی پی پیز کولگام نہ ڈالی توچھوڑیں گے نہیں :حافظ نعیم

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، سیاسی نمائندہ ،ایجنسیاں) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی تاجر برادری کے 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن کی مکمل حمایت کرتی ہے ، کاؤنٹ ڈاؤن کے 28 دن باقی رہ گئے ہیں۔

 اگر آئی پی پیز کو لگام نہ ڈالی گئی تو چھوڑیں گے نہیں۔ حقوق کے لیے پوری قوم کو یک جان ہونا پڑے گا،اسی صورت حکمرانوں کی لوٹ مار رکے گی،پنجاب میں دوماہ کے لیے 14روپے یونٹ کمی مونگ پھلی کا دانہ ہے ، نواز شریف بادشاہ سلامت بن کر بجلی بل کم کرنے کے اعلان کی بجائے قوم کو بتائیں کہ کپیسٹی چارجز کی مد میں کتنے روپے کھائے ہیں۔ منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ایجنڈا تشکیل دے کر رابطہ عوام مہم کا یکم ستمبر سے آغاز کررہے ہیں۔پی پی، ن لیگ، ق لیگ اور پی ٹی آئی حکومتوں نے آئی پی پیز کو کپیسٹی چارجز کے علاوہ انکم ٹیکس میں بھی ہزاروں ارب کی چھوٹ دی۔ سب حکومتیں 40خاندانوں کے لیے ہزاروں ارب کی مراعات کا اعلان کرتی ہیں جبکہ عوام اور تنخواہ دار عذاب میں مبتلا ہیں۔حکمران پارٹیاں اس لیے بات نہیں کرتیں کہ ساری شریک جرم ہیں۔انہوں نے انٹرنیٹ کی بندش اور سست کرنے کے حکومتی ہتھکنڈوں کی مذمت کی۔جماعت اسلامی نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک دین، ملک و ملت کے دفاع، نظریاتی تحفظ اور عوام کی خدمت کے لیے جو خدمات سرانجام دی ہیں ،کسی سے مخفی نہیں۔

تعلیمی اداروں میں معاشرتی برائیوں اور طلبا و تعلیم کی بہتری کی جدوجہد میں اسلامی جمعیت طلبہ کا نمایاں و تاریخی کردار ہے ، بنگلہ دیش میں مکتی باہنی اور بھارتی افواج کے لیے لڑائی ہو یا حسینہ واجد کی پندرہ سالہ فاشسٹ حکومت کا مقابلہ، جماعت اسلامی نے خون سے تاریخ لکھی،جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے موقع پر ہم جماعت اسلامی کے تمام شہدا اور کارکنوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔دریں اثنا نجی ہوٹل میں 2 روزہ سکلز گالا کا انعقادہوا، امیر جماعت اسلامی پاکستان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،انہوں نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا ہے ، یہ انکا پاکستان ہے جنہوں نے اس کے لیے اپنا سب کچھ گنوا دیا۔پاکستان ہماری قوت اور ہمارا مستقبل ہے ۔اگر حکمرانوں نے پاکستان کو لوٹا ہے تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ ہم اپنے ملک کے بارے میں غلط سوچیں۔اگر زندگی گزارے کا طریقہ سیکھنا ہے تو فلسطین کے بچوں سے سیکھیں ۔غزہ میں بمباری کے باجود وہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں ، زندگی گزار رہے ہیں ۔ غزہ کے لوگ دس مہینے سے مصیبتیں جھیلنے کے بعد باوجود جھکے نہیں ۔ آئی ٹی فیلڈ میں زیادہ سے زیادہ سوچ کہ لیپ ٹاپ بانٹ دو ۔ حافظ نعیم الرحمن نے گالا میں لگے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں