ملک کیلئے فضل الرحمن کو اعتماد میں لینا ضروری :گورنر پنجاب

ملک کیلئے فضل الرحمن کو اعتماد میں لینا ضروری :گورنر پنجاب

اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ حکومت اورسیاست کو مضبوط کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان کی ضرورت ہے ۔

ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے گورنر کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری کا مولانا فضل الرحمن سے پرانا رشتہ ہے ، الیکشن میں مولانا فضل الرحمان سے کچھ دوریاں پیدا ہوئیں، ملک کے لیے مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینا ضروری ہے ۔سردار سلیم حیدر نے کہا کہ آج ملک میں سیاسی طور پر استحکام نہیں ہے ، ملک کو استحکام کی طرف پیپلزپارٹی کی قیادت ہی لے کر جاسکتی ہے ، صدر آصف زرداری میں صلاحیت ہے کہ سب کو ساتھ لے کرچل سکتے ہیں۔قبل ازیںگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت کی کامیابی ملکی استحکام اور ترقی کے لیے اہم ہے ۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنما امجد جٹ سے ان کی رہائش گاہ پر ان کے بھائی کے قتل پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے انتخابات سیاسی جماعتوں اور ملک دونوں کے لیے نقصان دہ ہونگے ۔آئندہ انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ اتحادیوں کے درمیان مفاہمت میں بہتری آئے گی۔ اس موقع پر حاجی عزیز الرحمن چن اوردیگر بھی موجود تھے ۔علاوہ ازیں گورنر پنجاب سے گزشتہ روز گورنر ہائوس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملک اور صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال بالخصوص تعلیم کے شعبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں