پنجاب میں بلٹ ٹرین، ہر ضلع میں الیکٹرک بسیں چلائیں گے: مریم نواز

پنجاب میں بلٹ ٹرین، ہر ضلع میں الیکٹرک بسیں چلائیں گے: مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ پنجاب میں بلٹ ٹرین، میٹرو بسیں اور ہر ضلع میں الیکٹرک بسیں چلائیں گے، بڑے شہروں کے عوام کے لئے مکمل گرین ٹرانسپورٹ سسٹم چاہتے ہیں۔ٹریفک جام بہت بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھ رہی ہے ،لوگ تیزی سے الیکٹر ک وہیکل کی طرف راغب ہورہے ہیں۔

چین کی مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کے متمنی ہیں،لاہور میں چینی ٹرانسپورٹ کمپنیز کو خوش آمدید کہیں گے اوربھرپور معاونت کی جائے گی۔ چین کی وہیکل کمپنی چونگ اوئنگ سی آر آر سی ہینگ ٹونگ کے چیئرمین لیو جونہوا کی قیادت میں وفدنے گزشتہ روز وزیراعلیٰ مریم سے ملاقات کی،جس میں گرین ٹرانسپورٹ سسٹم پراجیکٹ اور پنجاب بھر میں پانچ ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کا جائزہ لیاگیا۔ پہلے مرحلے میں ایک ہزارالیکٹرک بسوں سے پراجیکٹ شروع کیا جائے گا،پانچ سال میں بڑے شہروں میں اینڈ ٹو اینڈگرین ٹرانسپورٹ سسٹم لانچ کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے الیکٹر ک وہیکلز کی مینوفیکچرنگ کیلئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔پنجاب میں الیکٹرک ٹو وہیلر،تھری وہیلر کی مینوفیکچرنگ کیلئے تمام تر سہولتوں اورتعاون پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے چینی کنسورشیم سے جامع ٹرانسپورٹ سسٹم پلان طلب کرلیا۔ مریم نواز نے کہا کہ چین ہر شعبہ ہائے زندگی میں لیڈ کررہا ہے ، تعاون اورمہارت سے فائدہ اٹھانے کے متمنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے اورنج لائن اورمیٹروبس سسٹم کا میابی سے لانچ کیا،لاہور کے بہت سے ایریاز میں ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضرورت ہے ،پنجاب کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو مکمل طورپر ری ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں،ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر،بس سٹاپ اورچارجنگ سسٹم اوردیگر سہولتیں چاہتے ہیں،چین جیسے ملک سے دوستی خوش بختی ہے ۔ لیو جونہوا چیئرمین ہینگ ٹونگ نے کہا کہ لاہور باغوں کا خوبصورت شہر ہے ،موسم بہت اچھا لگا۔جیانگ زنگیو اوورسیزپراجیکٹ منیجر ہینگ ٹونگ وہیکل کمپنی نے کہا کہ مریم نوازشریف کو عوام کی خدمت میں مصروف دیکھ کرخوشی محسوس کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں