گھر میں ویگو ڈالے آگئے،بندہ اٹھا لیا مگر ایس ایچ او کو پتاہی نہیں:جسٹس بابر ستار

گھر میں ویگو ڈالے آگئے،بندہ اٹھا لیا مگر ایس ایچ او کو پتاہی نہیں:جسٹس بابر ستار

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کو لاپتہ 18 سالہ فیضان کی بازیابی کیلئے 10 ستمبر تک کا وقت دیتے ہوئے معاونت کیلئے آئی ایس آئی سے رابطہ کاحکم دیدیا،جسٹس بابرستارنے ریمارکس دیئے کہ گھر میں ویگو ڈالے آ گئے ، بندہ اٹھا لیا۔

 ایس ایچ او سمیت کسی کو پتہ ہی نہیں،ہم سب کو پتہ ہے کہ یہ سب کس طرح سے ہوتا ہے ،دوران سماعت آئی جی پولیس اسلام آباد علی ناصررضوی  اور دیگر عدالت پیش ہوئے ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعاکی دو تین دن کا مزید وقت دیا جائے ،آئی جی اسلام آبادنے بتایافیضان کی لوکیشن پہلے اسلام آباد اور 17 اگست کو لاہور کی آئی،ہم نے فوٹیجز دیکھی ہیں کچھ لوگوں کے چہروں پر ماسک ہیں ،فوٹیج میں گاڑیاں واضح نظر آ رہی ہیں، وزارتِ داخلہ اور دفاع کو گاڑیوں سے متعلق معلومات کیلئے لکھا ہے ، سیف سٹی کا ریکارڈ ایک ماہ کا ہوتا ہے اس واقعے کو دو ماہ ہو چکے ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے آئی ایس آئی سے رابطہ کریں، وہ وزارتِ دفاع کے نہیں بلکہ براہ راست وزیراعظم کے ماتحت ہے ،ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ لوگوں کو اٹھانے کا سلسلہ بغیر کسی خوف کے جاری ہے ،شہریوں کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے اگر آپ ناکام ہونگے تو لوگ عدالتوں کے پاس آئیں گے ،آپکو پیر تک کا وقت دیتا ہوں، آئندہ سماعت پرحتمی رپورٹ کے ساتھ پیش ہوں،آئی جی اسلام آباد نے استدعا کی منگل تک کا وقت دیدیا جائے ، عدالت نے کہاٹھیک ہے ، اگر پولیس کو کسی سے بھی معاونت کی ضرورت ہو تو لے سکتی ہے ،بعدازاں سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں