فیض حمید عمران کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن سکتے :خواجہ آصف

 فیض حمید عمران کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن سکتے :خواجہ آصف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،آئی این پی ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ شواہد بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل کی طرف جا رہے ہیں،فیض حمید عمران کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن سکتے ہیں،فیض حمید کی خواہش ہوگی کہ سارا ملبہ بانی پی ٹی آئی پر ڈالا جائے ۔

خواجہ آصف نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیض حمید گرفتاری کے بعد بانی پی ٹی آئی کے ساتھ رفاقتوں کے بارے میں بتا رہے ہوں گے ،فیض حمید کی خواہش ہوگی کہ سارا ملبہ بانی پی ٹی آئی پر ڈالا جائے ۔انہوں نے کہا کہ نو مئی کو جس شہر میں بھی احتجاج ہوا وہاں خاص طور پر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، کچھ افراد ان کو ڈائریکٹ کر رہے تھے ،یہ لازمی طور پر عمران خان کی ہدایات تھیں ۔وزیر دفاع نے کہا کہ ایک غم عمران خان کو اپنا اقتدار چھن جانے کا تھا تو دوسرا غم جنرل فیض کو بھی تھا، وہ آرمی چیف بننا چاہتے تھے ، اس سلسلے میں انہوں نے مسلم لیگ ن سے بھی رابطہ کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کہتے تھے اکتوبر میں ہماری حکومت آرہی ہے ، اس کا پس منظر یہ تھا کہ انہوں نے عدلیہ سے امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں۔ نیب میں ترامیم کا سلسلہ جب شروع ہوا اس وقت پرویز خٹک وزیر دفاع تھے ، انہوں نے ہم سے رابطہ کیا ہم نے ان سے اتفاق کیا، اس کی کلیئرنس فیض حمید کی طرف سے آئی کہ بات چیت شروع کریں۔میاں شہباز شریف عمران خان سے مذاکرات کیلئے آخری حدوں تک گئے ، غیر مشروط آفر کی، لیکن انہوں نے ایک دفعہ بھی سیاسی قوتوں سے بات کرنے کی کوشش نہیں کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں