آپ کوئی ایپ سنبھال نہیں سکتے تو اسے بند کر دینا چاہیے :عظمیٰ بخاری

آپ کوئی ایپ سنبھال نہیں سکتے تو اسے بند کر دینا چاہیے :عظمیٰ بخاری

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے خیبرپختونخوا ہاؤس دہشتگردوں اور شرپسندوں کا گڑھ بن چکا ہے ۔وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور دھمکیاں دیتے ہیں انہوں نے دہشت گردوں والی زبان استعمال کی، ریاست کے خلاف ایسی زبان کسی صورت قابل قبول نہیں۔

 ہم صوبوں کو لڑانا نہیں چاہتے ، خیبرپختونخوا بھی ہمارا صوبہ ہے ، پنجاب نے ہمیشہ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ۔لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا میری چھٹی یا ساتویں پیشی ہے اور میرے کیس میں تاریخ پر تاریخ دی جا رہی ہے ۔ میرا کیس نہ تو کسی ایک شخص کے بارے میں ہے اور نہ سیاسی، یہ ان سب خواتین کا کیس ہے جو سوشل میڈیا کے ہاتھوں ذلیل ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا ایف آئی اے کی کپیسٹی صرف اتنی ہے کہ یہ ابھی تک ایک بھی جعلی ویڈیو ڈیلیٹ نہیں کروا سکی۔ اگرآپ کوئی ایپ سنبھال نہیں سکتے تو اسے بند ہی کر دینا چاہیے ۔ ایف آئی اے والے زیرو کارکردگی کے ساتھ آتے ہیں دوبارہ ٹائم لیکر نکل جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا پوری دنیا میں سوشل میڈیا ایپس ایک قانون اور ضابطے کے تحت چلتی ہیں مگر ہمارے ہاں سب الٹا ہے ۔انہوں نے کہا چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سے درخواست ہے وہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں چھپے دہشتگردوں اور شرپسندوں کے خلاف ایکشن لیں۔انہیں رپورٹ طلب کرنی چاہیے ۔خیبرپختونخوا ہاؤس میں چھپے لوگ ریاست کی خدمت نہیں کر رہے بلکہ وہ اس کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں