انسدا د پولیوویکسی نیشن مہم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں:مریم نواز

انسدا د پولیوویکسی نیشن مہم میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں:مریم نواز

لاہور(اپنے نامہ نگار سے،اے پی پی،آئی این پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو ٹیم پر تشدد کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے داتا گنج بخش ٹاؤن کی یو سی69 میں پولیو ٹیم پر تشدد کے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیو ورکرز بچوں کو معذوری سے بچانے کا قومی فریضہ سر انجام دے رہے ہیں،انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم میں ہرگزکوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے 1965 کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید کی موت قوم کیلئے حیات نوکا نیا پیغام ہوتی ہے ،میجر عزیز بھٹی شہید نے پاک سرزمین کے لئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ عزیز بھٹی شہیدنے اپنی بہادری اور شجاعت سے دشمن کو بھی ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہیدنے بہادری اور جرأت کی لازوال مثال قائم کی ، دفاع وطن کیلئے میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں، شہداء کی عظیم قربانیوں پر پاکستانی قوم کو ناز ہے ۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ننکانہ صاحب میں غیرت کے نام پر بھائی کے ہاتھوں بہن کے بہیمانہ قتل کے واقعہ کا نوٹس لے لیا،جس کے بعد تھانہ بڑاگھر پولیس نے واقعہ میں ملوث ملزم امین کو گرفتار کر لیا۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر رکن پنجاب اسمبلی اور پنجاب ویمنز پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئر پرسن حنا پرویز بٹ متاثرہ خاندان سے ملنے ننکانہ صاحب پہنچ گئیں۔ انہوں نے مقتولہ اقصیٰ بی بی کی والدہ ایمنہ بی بی اور والد سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے دفتر میں ملاقات کی اوروزیراعلیٰ کی جانب سے انصاف کی فراہمی کا یقین دلانے اور اظہار ہمدردی کا پیغام پہنچایا ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں