معاشرے میں مایوسی پھیلانے والے عناصر اجتماعی کوششوں سے شکست کھاچکے ہیں:آرمی چیف

معاشرے میں مایوسی پھیلانے والے عناصر اجتماعی کوششوں سے شکست کھاچکے ہیں:آرمی چیف

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا معاشرے میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کرنیوالوں کو شکست ہوئی،پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف نے کراچی کا دورہ کیا،جہاں انہیں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے انووسٹا انڈس آئی ٹی پارک کا افتتاح بھی کیا،افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور عمائدین نے شرکت کی، آئی ٹی پارک نوجوانوں کو اس شعبے میں معیاری تربیت فراہم کرے گا،وزیر اعلیٰ سندھ نے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے اور معاشی ترقی کیلئے آئی ٹی ڈومین کی اہمیت پر زور دیا،آرمی چیف نے کہا اس طرح کے منصوبوں کا مقصد آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے ، شرکا تقریب نے حکومتی اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا اور مثبت معاشی اشاریوں کیلئے ایس آئی ایف سی کے کردار کی تعریف کی، آرمی چیف نے تمام اقدامات کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی کوششوں کو سراہا،آرمی چیف نے کراچی کی تاجر برادری سے بھی بات چیت کی، آرمی چیف نے ملک کی اقتصادی ترقی میں کاروباری برادری اور تاجروں کے تعاون کو سراہا۔آرمی چیف نے کہا معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی کوششیں کرنے والوں کو اجتماعی کوششوں سے شکست ہوئی ہے ، انہوں نے برادر اور دوست ممالک خصوصاً چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں متعدد شعبوں میں مدد کرنے کے قابل تعریف کردار کو سراہا، جنرل عاصم منیر نے کہا پاکستان مختلف شعبوں میں قابل ذکر صلاحیت رکھتا ہے اور سب کو پاکستان کے روشن مستقبل پر غیر متزلزل اعتماد اور یقین ہونا چاہیے ، بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظر، پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور ہمارا ملک اقوام عالم میں اپنا صحیح مقام حاصل کرے گا ، انشاء اللہ۔ قبل ازیں یہاں آمد پر کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں