چاہتے ہیں ایف آئی اے کو ایف بی آئی طرز پر متحرک ادارہ بنائیں :وزیر داخلہ

چاہتے ہیں ایف آئی اے کو ایف بی آئی طرز پر متحرک ادارہ بنائیں :وزیر داخلہ

اسلام آبا د(نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر داخلہ وانسدا منشیات محسن نقوی سے امریکہ کی بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ افیئرز ( آئی این ایل) کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں امریکہ  کی نائب سفیر نیٹلی بیکر، کنٹری ڈائریکٹر آئی این ایل لائن نیلسن، پولیس ایڈوائزر ایڈ پریسٹن اور پولیس پروگرام سپیشلسٹ فیصل گل بھی شامل تھے ،محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے پاکستان کا انتہائی اہم تحقیقاتی ادارہ ہے ، چاہتے ہیں کہ ایف آئی اے کو آئی این ایل کے تعاون سے ایف بی آئی کی طرز پر متحرک ادارہ بنایا جائے ، پاکستان میں جرائم کی سرکوبی کیلئے یہ منصوبہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پولیس و پیرا ملٹری فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں آئی این ایل غیر معمولی تعاون فراہم کررہا ہے ، اس سلسلے میں کئی اہم منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔ ماسٹر پلان کے ذریعے سب سے پہلے انتہائی اہمیت کے حامل منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جائے ، وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی کی تنظیم نو انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایف سی پورے پاکستان میں ریزرو پولیس کا کردار ادا کر رہی ہے ،وزیر داخلہ نے کہا کہ انسداد منشیات کے ضمن میں بھی ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ امریکی وفد کی جانب سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔امریکی نائب سفیر نے بتایا کہ آئی این ایل 42 سال سے حکومت پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرر ہا ہے ،چاہتے ہیں کہ اس تعاون مزید مضبوط اور پائیدار بنایا جائے ، پاکستان کی سکیورٹی میں ہی امریکہ کی سکیورٹی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں