آئینی ترامیم شیطانی ترامیم ، قانون کے ساتھ کھلواڑ : شبلی فراز

آئینی ترامیم شیطانی ترامیم ، قانون کے ساتھ کھلواڑ : شبلی فراز

اسلام آباد( نیوز ایجنسیاں )پی ٹی آئی رہنما و سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک میں آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے ، فسطائیت کا ماحول بنا ہوا ہے ، آئینی ترامیم کو شیطانی ترامیم کہتا ہوں ، ایک خاص حکمران ٹولے کے مفادات کیلئے سارا کھیل رچایا جارہا ہے ۔

 ان خیالات کااظہار انہوں نے پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کا کیس بانی پی ٹی آئی پر 4 مرتبہ بنایا گیا، تاریخ میں ایسی مثال کہیں نہیں ملتی، شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اگر سزا دینی ہے تو دیں، ان کو خود بھی معلوم ہے اگر سزا سنائی تو دوسری عدالت سے سزا فوری ختم ہو جائے گی، بانی پی ٹی آئی ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط ہیں، بانی پی ٹی آئی کو کوئی نہیں توڑ سکا، ملک میں اس وقت جان اور مال کا تحفظ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ایک نامور شخص کو انصاف نہیں مل رہا تو عام شخص کو کیا امید ہو گی، لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے ، کوشش کی جارہی ہے لوگ غیر آئینی ترامیم کیلئے ووٹ دیں۔رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں تذبذب کا ماحول بنا ہوا ہے ، تمام سختیوں کے باوجود ہم سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے ، جب تک پی ٹی آئی موجود ہے ہم آخری سانس تک ان ترامیم کی مخالفت کرینگے ۔ الیکشن کمیشن پارٹی بن چکا ہے ، ملک میں بحران صرف اور صرف الیکشن کمیشن کی وجہ سے ہے ، ہم نے جلسہ کرنا تھا لیکن یہ ہمیں جگہ ٹھیک نہیں دیتے ،جو بھی ملک لوٹنے والوں کو پناہ دے گا وہ ملک کا دشمن ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں