غزہ کے لوگ پاس اور ہم فیل ہو رہے ہیں ،ڈاکٹر ذاکر نائیک
اسلام آباد(نامہ نگار، اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف اور ممتاز اسلامی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی ملاقات ہوئی اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا اسلام امن کا دین ہے اور ذاکر نائیک اسلام کا صحیح پیغام لوگوں تک پہنچا کر ایک انتہائی اہم فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔
وزیراعظم نے پاکستان آمد پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا امت مسلمہ آپ پر نازاں ہے کہ آپ نے دنیا بھر کو اسلام کے صحیح تشخص سے روشناس کروایا۔وزیراعظم نے کہا میں آپ کے لیکچرز بہت شوق سے سنتا ہوں جو انتہائی پر مغز اور تاثیر سے بھرپور ہوتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا مجھے یہ جان کر انتہائی خوشی ہوئی کہ آپ کا بیٹا بھی آپ کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور دین اسلام کی خدمت کر رہا ہے ۔ وزیراعظم نے 2006 میں ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اپنی پہلی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا میں نے 1991 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا تھا اور ابھی تک اس کی یادیں تازہ ہیں۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا۔وزیراعظم نے کہا اگر ہم اسلام کے راستے پر چلیں گے تو کامیاب ہوں گے ۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہامیرا یہی مشن ہے دنیا بھر میں اسلام کا پیغام عام کروں۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ڈاکٹر ذاکر نے کہا میری پاکستان آنے کی خواہش پوری ہوئی جس پر بہت خوشی ہے ،میں پاکستان کی حکومت کا شکر گزار ہوں جس نے مدعو کیا۔دریں اثنائڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہاہے ہمیں مکمل اسلام کو فالو کرنا ہوگا،آج کے مسلمانوں کی یہ حالت اس وجہ سے ہے کیونکہ ہم قرآن و احادیث سے دور ہیں، جو غزہ میں ہو رہاہے وہ سارے انسانوں کا امتحان ہے ، غزہ کے لوگ پاس ، ہم فیل ہو رہے ہیں۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اللہ کے نبی ﷺنے فرمایا ایک وقت آئے گا سب لوگ مسلمانوں پر ٹوٹ پڑیں گے ، صحابہ نے پوچھا اس وقت مسلمان کیا تعداد میں کم ہوں گے تو انہوں نے جواب دیا مسلمانوں کی تعداد بہت زیادہ ہو گی لیکن وہ مال اور دنیا سے محبت کریں گے اور موت سے ڈریں گے ۔ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہناتھا مسلم امہ متحد ہو جائے اور قرآن سنت پر عمل کرے تو غالب آجائیں گے ۔