انور ابراہیم کیلئے نشان پاکستان،ملائشیا1لاکھ ٹن چاول خریدے گا

انور ابراہیم کیلئے نشان پاکستان،ملائشیا1لاکھ ٹن چاول خریدے گا

اسلام آباد (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک ،اے پی پی)پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ملائشیا کے وزیراعظم انورابراہیم کو نشان پاکستان کا ایوارڈ دیاگیاہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ملائشیا کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے۔

کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو مشترکہ منصوبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے ۔3روزہ سرکاری دورے پر پاکستان آئے ہوئے ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے ، ہم دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔دونوں وزرا ئے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطوں کو فروغ دینے ، پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی اور باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں سیاحت کی صنعت اور نوجوانوں کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ ہوا بازی اور پروازوں کے تعاون کو وسیع کرنے کا فیصلہ اور حلال مصنوعات کی پروسیسنگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔

شہبازشریف اور انورابراہیم نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، زراعت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے غزہ اور کشمیر سمیت علاقائی امور پر اپنے پختہ موقف کا اعادہ کیا ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اورملائشیاکے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں دونوں وزرائے اعظم نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کی کوششوں کے سلسلہ میں اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان ملائشیا کو سالانہ 200 ملین ڈالر مالیت کا حلال گوشت اور ایک لاکھ میٹرک ٹن باسمتی چاول برآمد کریگا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملائشیاکیساتھ دفاع کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینگے اوردوطرفہ تجارت کو مزید بڑھائیں گے ، وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان برآمدات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔

ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد برادر ملک ہے ، پاکستان عالم اسلام کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے ،شہبا زشریف کی کام کرنے کی لگن پاکستان کے مفاد میں ہے ۔ بعد ازاں دونوں وزرائے اعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں اور تعاون کی دستاویز کے تبادلے کی تقریب میں شرکت کی۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور ملائشیا ایکسٹرنل ٹریڈ ڈویلپمنٹ کوآپریشن کے درمیان تجارتی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت اور پاکستان ملائشیابزنس کونسل اورملائشیاپاکستان بزنس کونسل کے درمیان حلال تجارت میں تعاون کیلئے ایم او یو کا تبادلہ کیا گیا۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ملائشین کمیونیکیشن اینڈ ملٹی میڈیا کمیشن کے درمیان تعاون کی ایک دستاویز پر بھی دستخط کئے گئے ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملائشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ملاقات کی ،اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری اور نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈاربھی موجود تھے ، صدر مملکت نے ایوان صدر میں خصوصی تقریب کے دوران ملائشیا کے وزیراعظم کو نشان پاکستان کا ایوارڈ دیا۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ساحر شمشاد مرزا اور دیگر عسکری قیادت نے بھی شرکت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں