شمالی وزیرستان سوات:لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6 فوجی شہید،8خارجی دہشتگرد ہلاک
اسلام آباد،راولپنڈی(سٹاف رپورٹر، خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)شمالی وزیرستان اور سوات میں خوارج کیساتھ جھڑپوں میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 6جوان شہید جبکہ 8خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے ۔ خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں فیصل آباد کے رہائشی 43سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت 6 جوان بھی شہید ہو گئے ۔ خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کارروائی کی گئی اور لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے ۔شہید ہونے والے دیگر 5 جوانوں میں خیبر کے رہائشی 31سالہ لانس نائیک محمد اللہ،لکی مروت کے رہائشی 30سالہ لانس نائیک اختر زمان، ٹانک کے رہائشی 29سالہ لانس نائیک شاہد اللہ، اورکزئی کے رہائشی 31سالہ لانس نائیک یوسف علی اور سوات کے رہائشی 26سالہ سپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 2 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ چار باغ میں کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارجیوں میں دہشت گرد عطااللہ عرف مہران بھی شامل ہے ، عطااللہ عرف مہران 22ستمبر کو غیرملکیوں کے قافلے پر بارودی سرنگ حملے سمیت دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا،ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید کسی دہشت گرد کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے ، سکیورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کے جانی نقصان پر دل رنجیدہ ہے ،شر پسند عناصر دشمن کے ناپاک ایجنڈے پر کار بند ہیں،ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے ،ملک میں بد امنی اور فساد برپا کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہدا کی قربانیاں رنگ لائیں گی اورامن کے پھول ضرور مہکیں گے ۔