اسلام آباد میں احتجاج پی ٹی آئی کا قانونی حق :حافظ نعیم

 اسلام آباد میں احتجاج پی ٹی آئی کا قانونی حق :حافظ نعیم

لاہور (سیاسی نمائندہ ، مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا احتجاج قانونی حق ہے حکومت انہیں سہولت دے ،حکومت کا رویہ امن و امان قائم کرنے کے نام پر جمہوری اعتبار سے انتہائی شرمناک ہے ۔

 منصورہ میں جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس کی ،پریس کانفرنس میں لیاقت بلوچ، امیر العظیم، قیصر شریف سمیت دیگر بھی موجود تھے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی صورتحال تشویشناک ہے ،اگر مظاہرین کی جانب سے کوئی مسئلہ ہے تو شہر کو کنٹینر سے کیوں بند کردیا ،اسلام آباد کے بعد لاہور کو بھی مکمل طورپر بند کردیا ہے ،ہم کس کس طرح شہروں اور دیہات سے گزر کر لاہور پہنچے ،کنٹینرز سے حکومت کی بوکھلاہٹ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ 245کو لاگو کردیا ہے فوج کو عوام کے سامنے لا کھڑا کرنا کیا اس سے حکومت کو فائدہ ہوگا،اس سے فوج و عوام کا فائدہ نہیں ساری صورتحال کو نارمل کیاجائے ،آنسو گیس سے لوگوں کو تنگ و صوبہ جام کرنا قابل قبول نہیں،مارشل لاء میں بھی ایسا نہیں ہوا جو اس نام نہاد جمہوری حکومت میں ہو رہاہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ فوری طورپر حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں جو پارٹی جہاں جلسہ کرنا چاہتی ہے اسے اجازت دے ،پورا پنجاب پریشان ہوگیا ہے موٹروے جی ٹی روڈ بند ہے بیماروں کا کیا حال ہوگا،پاکستانی عوام اذیت کا شکار ہیں حکومت کے پاس طاقت ہے تو وہ صورتحال کو بہتر بنائے ،انہوں نے کہا کہ فارم47والی حکومت کے خلاف تحریک و دھرنا دے رہے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بدترین بمباری اسرائیل بچوں و خواتین پر کررہا ہے لاکھوں زخمی و شہید ہیں،اسرائیل نے جنگ کو بڑھا دیا ہے ،یمن ایران پر بمباری کی تیاری کررہا ہے تاکہ عالمی جنگ شروع ہوجائے ،پاکستان کا کردار یہ ہے کہ تمام اسلامی ممالک کی کانفرنس بلائیں،اگر پورے عرب ممالک میں آگ لگی ہوگی تو کیا ہم بچیں گے۔

غزہ معاملے پر حکومت تمام جماعتوں کو آن بورڈ لیتی جس پر سیاسی اختلافات بھلاکر ون پوائنٹ ایجنڈا پر بات کرتی،ہم غزہ کے معاملے پر بات چیت کے لیے پیپلزپارٹی اور حکومت کے پاس گئے ،حکومت نے بھی7 اکتوبر کو یوم یکجہتی غزہ منانے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح بہت مضبوط پیغام دنیا کو جائے گا،اگر مارا ماری یا ہنگامہ آرائی ،صوبہ کو لاک ڈاؤن ہوگا تو پھر غزہ کو کیا پیغام جائے گا، جماعت اسلامی عوام سے پرزور اپیل کرتی ہے کہ وہ 7 اکتوبر کو بارہ بجے یوم یکجہتی غزہ منائیں اور سڑکوں پر نکلیں،7 اکتوبرکو اپنے خاندان کے ہمراہ سڑکوں پر نکلیں ویڈیو بنائیں اور بتائیں دنیا کو وہ غزہ کے ساتھ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں