کراچی ایئرپورٹ:دھماکا،2جاں بحق،1غیر ملکی سمیت10زخمی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق، ایک غیر ملکی ،پولیس اہلکاروں سمیت 10 زخمی ہوگئے جبکہ تین گاڑیاں اور چار موٹرسائیکلیں تباہ ہوگئیں، دھماکا اتنا زوردار تھا کہ آواز دور دور تک سنائی دی گئی،دھماکے سے ہر طرف دھویں کے بادل پھیل گئے ۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ اطراف میں کھڑی گاڑیوں کو میں بھی آگ لگ گئی ، پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔ فائربریگیڈ کی گاڑیاں رات گئے تک آگ بجھانے میں مصروف تھیں جبکہ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا تھا۔ ٹی وی کے مطابق دھماکا ایئرپورٹ سے باہر جانے والی سڑک پر اس جگہ ہوا جہاں وی آئی پی اپنے سکیورٹی گارڈز کی گاڑیوں کو چھوڑتے ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر تمام تنصیبات محفوظ ہیں۔ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس چیف سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔وزیر داخلہ سندھ نے ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا غیر ملکیوں کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا۔ دھماکا غیر ملکی قافلہ گزرنے کے بعد ہوا، کوئی مخصوص تھریٹ الرٹ نہیں تھا، یہ ایک دہشت گرد حملہ تھا جس میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔پولیس ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ‘ایک گاڑی نے ائیر پورٹ کے خارجی راستے پر اس گاڑی کو ٹکر ماری جس میں غیر ملکی سوار تھے جس کے نتیجے میں ایک چینی شہری زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔بلوچ شدت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے ) نے میڈیا کو جاری کیے گئے بیان میں اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔