پنجاب کا بینہ:اجتماعی شادیوں کا سب سے بڑا پروگرام منظور :آٹے چکن کے نرخوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے:مریم نواز

پنجاب کا بینہ:اجتماعی شادیوں کا سب سے بڑا پروگرام منظور :آٹے چکن کے نرخوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے:مریم نواز

لاہور(اے پی پی ،دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 17 واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے سب سے بڑے تاریخی پروگرام کی منظوری دی گئی۔ جس کے تحت تین ہزار غریب خاندانوں کی بچیوں کی اجتماعی شادی ہوگی ۔

دلہن کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی دی جائے گی۔ فرنیچر، ملبوسات، ڈنر سیٹ سمیت استعمال کی13 اشیاگفٹ کی جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے اجتماعی شادیوں کا دائر کار مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے پنجاب بھر میں عارضی کاشت کے لئے ایک لاکھ ایکڑ اراضی کوتین اور پانچ سال کیلئے لیز پر بے زمین کاشتکاروں کو الاٹ کرنے کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں پنجاب میں ای بس سروس سکیم کی منظوری دی گئی جس کے تحت پہلے مرحلے میں 27 بسیں آئیں گی۔ ای بسوں کی پارکنگ میں چارجنگ کے لئے 1.2 میگا واٹ کے سولر پینل لگائے جائیں گے ۔ پنجاب بھر میں 680 ای بسیں سال کے آخر تک فنکشنل ہوجائیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور میں الیکٹرک ٹیکسی سروس کا پلان بھی طلب کر لیا۔ مریم نواز نے کہا صوبہ بھر میں آٹے اور چکن کے نرخ کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے ۔

بریفنگ میں بتایا گیا ایک لاکھ 70ہزار کاشتکاروں کو کسان کارڈ مل گئے ۔ دو لاکھ 67ہزار کاشتکاروں کے لئے کسان کارڈ جاری کر دیئے گئے ۔ گرین ٹریکٹر سکیم کے لئے 12لاکھ درخواستیں وصول کی گئیں۔سات لاکھ درخواست دہندگان کی گرین ٹریکٹرز کے لئے جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔ اجلاس میں رائیونڈ، چنیوٹ اور سرگودھا میں نئے پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے 839 گھر اور فنڈز ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کرنے ،انسپکٹر، سب انسپکٹر اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدوں پر پروموشن کے لئے پانچ سال کی عمر میں رعایت ،گورنمنٹ آف پنجاب کے ہیلی کاپٹرکی سالانہ مرمت ،پنجاب لوکل گورنمنٹ رولز 2024 کی بھی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان پر پیشرفت میں تاخیر پر ناپسندیدگی کا اظہار اور لاہور کی سڑکوں،گلیوں، بازاروں میں ناقص صفائی پر سخت برہمی کا اظہارکیا اور بہتر ی کے لئے تین دن کی مہلت دی۔

اجلاس میں لاہور کی 18مارکیٹوں میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا متعلقہ اداروں کو ازخود شہر کی روڈز کی مرمت کرنی چاہیے ۔ سی ایم جہاں سے گزرے وہ سڑک بن جاتی اور صفائی ہو جاتی، خود کیوں نہیں کرتے ؟۔ مرکزی سڑکوں کا پیچ ورک ترجیحی بنیادوں پر پہلے کیا جائے ۔ سڑک کے درمیان گڑھا پڑنے سے گاڑی گر جاتی ہے تو ذمہ دار کون ہوگا۔ مین سڑک پر کوئی گڑھا نظر نہیں آنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا تجاوزات کے خاتمے کی مہم میں تاجر برادری کو بھی اعتماد میں لیا جائے ۔ ہر مارکیٹ میں موٹر بائیک کی پارکنگ کے لئے جگہ مختص کی جائے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے قدرتی آفات سے آگاہی کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا بہتر منصوبہ بندی اور آگاہی سے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کیا جا سکتا۔قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات کم کرنے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں