پی ٹی ایم کا ساتھ دینے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی:وزیر داخلہ
اسلام آباد (وقائع نگار)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا پی ٹی ایم کا ساتھ دینے والوں کیخلاف کارروائی بھی ہوگی، شناختی کارڈ بھی بلاک ہوگا، پی ٹی ایم پر پابندی کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے 54 اور بلوچستان حکومت نے 34 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں ڈالے، جرگے پر اعتراض نہیں متوازی عدالت کی اجازت نہیں دے سکتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کے پی میں پہلے بھی جرگے ہوئے ، آئندہ بھی ہوں گے ، ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا لانا جرگہ نہیں ہوتا، ایک طرف جرگہ، دوسری طرف عدالت کہہ رہے ہیں، کسی صورت متوازی عدالتی نظام کی اجازت نہیں دیں گے ، آپ ایک طرف ریاستی اداروں، حکومتوں کو گالیاں دے رہے ہیں، حقوق کی بات ضرور کرو، لیکن ساتھ میں بندوق اٹھانے کی بات تو نہ کرو، یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ گالی دیتے جائیں اور ریاست کچھ نہ کرے ، حکومت حقوق کی بات پر بیٹھنے کو تیار ہے ، جو بھی پی ٹی ایم کو پابندی کے بعد سہولت کاری فراہم کرے گا نرغے میں آئے گا، پکڑا جائے گا، ان کی فنڈنگ سے متعلق ثبوت کچھ دنوں میں شیئر کریں گے ، جو کوئی بھی ان کے ساتھ ملوث پایا گیا ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی، ان کے دفاتر، پاسپورٹس کینسل، سفری پابندیاں تو پابندی کے ساتھ لگ چکی ہیں، جو ان لوگوں کی مدد کرے گا ان پر بھی پابندی ہوگی،پی ٹی ایم کا ایجنڈا دیکھیں، ان کو بیرون ملک سے ڈاکومینٹریز بنا کر دی گئیں، ایک دو بڑی جماعتوں کے لوگ پی ٹی ایم سے ملے تو انہوں نے کہا کہ حقوق کی بات کرو تو ٹھیک بندوق نہیں اٹھاؤ،جو بھی ان کو سہولت دیں گے ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا، جو پی ٹی ایم کو کسی بھی طرح کی سہولت دیں گے ان کے بھی شناختی کارڈ، پاسپورٹ ضبط، سیاسی جماعتوں پر پابندی کا سامنا ہوگا، ملاقات کا سلسلہ ہو کوئی مسئلہ نہیں، لیکن سہولت کی اجازت نہیں، جو ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھائے گا، بات کرے گا، ہمارا دشمن ہے۔ سب سے پہلے پاکستان آتا ہے اس کے بعد ساری چیزیں آتی ہیں۔