چینی شہریوں پر حملہ کرنیوالوں کو کٹہرے میں لائینگے:صدر

 چینی شہریوں پر حملہ کرنیوالوں کو کٹہرے میں لائینگے:صدر

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت نے پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

 بزدلانہ کارروائیاں دوستی کے بندھن کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ صدر نے چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور چین کے پاکستان میں سفیر سے ملاقات کی اور چینی شہریوں کی ہلاکت پر حکومت اور عوام کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر نے دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے دشمن بڑھتی شراکت داری نہیں دیکھ سکتے ۔ قبل ازیںصدر مملکت آصف علی زرداری 2 روزہ دورے پر ترکمانستان کے شہر اشک آباد پہنچ گئے ۔صدر اشک آباد میں منعقد ہونے والے "وقت اور تہذیبوں کے باہمی تعلقات امن اور ترقی کی بنیاد" کے موضوع پر بین الاقوامی فورم میں شرکت کریں گے ۔فورم کا انعقاد عظیم ترکمان مفکر، شاعر اور فلسفی مخدوم گلی فراگی کی 300 ویں سالگرہ کی مناسبت سے کیا جا رہا ہے ،صدر مملکت دورے کے دوران فورم کی سائیڈ لائنز پر ترکمانستان کی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے ، صدر مملکت کے بیرون ملک دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں