ہراسانی کا سدباب،گرلز سکولوں میں خصوصی کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ
لاہور(اپنے نامہ نگار سے )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے طالبا ت کے وفد کیساتھ ملاقات کے دوران گرلز سکولوں میں ہراسانی کے سدباب کیلئے خصوصی کمیٹیاں بنانے کا اصولی فیصلہ کیا،انہوں نے طالبات کی خواہش پر ٹیب اور ای بائیکس دینے کا اعلان بھی کیا۔
تفصیلات کے مطابق بیداریکی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب کی سربراہی میں 36 طالبات پر مشتمل وفد نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ طالبات نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا ، ملاقات میں گرلز سکولوں میں ہراسانی کے سدباب کیلئے خصوصی کمیٹیاں بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا،پنجاب کے سکولوں میں گرلز کا عالمی دن منانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے طالبات کی خواہش پر ٹیب اور ای بائیکس دینے کا اعلان کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے طلبا کے لئے سکالر شپ لیپ ٹاپ، ای بائیکس سمیت دیگر پراجیکٹس لا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے عالمی یومِ ذہنی صحت پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذہنی سکون اور مثبت خیالات متوازن زندگی کی بنیاد ہیں، ذہنی مسائل کا سامنا کرنے والے معاشرتی بے حسی کی بجائے توجہ اور محبت کے حقدار ہیں، ذہنی صحت ہی سکونِ دل کی کلید ہے ۔ پنجاب میں ذہنی صحت کیلئے درکار سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، اپنے اردگرد کے لوگوں کا خیال رکھیں، ان کے احساسات کو سمجھیں اور انہیں یقین دلائیں کہ وہ تنہا نہیں۔ ایسا معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر شخص ذہنی سکون سے بھرپور زندگی گزار سکے ۔مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے تجارتی وفدکی پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے تجارتی وفد کو پاکستان آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے ۔ پاک سعودیہ تعلقات قربت کی بلندیوں کو چھورہے ہیں،مسلم لیگ ن کی قیادت کا عزم ہے کہ پاکستان کوسرمایہ کاروں کے لئے پرکشش بنائیں گے ۔ کارپوریٹ فارمنگ کے لئے سعودی انویسٹرز کی بھرپور معاونت کی جائے گی۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے لئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے منافع بخش مواقع موجود ہیں، سعودی عرب پاکستان کے لئے برادر بزرگ کی حیثیت رکھتا ہے ، ہر مشکل گھڑی میں سعودی تعاون بے مثال ہے ۔