پوری طاقت سے احتجاج روکیں گے:وزیر دفاع:عمران خان سے ڈاکٹروں،وکلا کی فوری ملاقات کرائی جائے:وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا

پوری طاقت سے احتجاج روکیں گے:وزیر دفاع:عمران خان سے ڈاکٹروں،وکلا کی فوری ملاقات کرائی جائے:وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا

اسلام آباد، سیالکوٹ (خصوصی نامہ نگار،سٹاف رپورٹر ،نمائندہ دنیا،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ 15 اکتوبر کو ڈی چوک اسلام آباد پر پی ٹی آئی کی وفاق پر یلغاراوراحتجاج روکنے کیلئے ریاست کی پوری طاقت استعمال ہوگی جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہناہے۔

کہ بانی پی ٹی آئی کی خیریت مقدم اور اولین ترجیح ہے ،ان سے ڈاکٹروں اور وکلا کی ٹیم کی فوری ملاقات کرائی جائے ،عمران خان کی بہنوں اور کارکنوں کو فوری رہا کیاجائے ۔ خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے کہاکہ ملکی تباہی کے سامان عمران خان نے مہیا کئے ہیں ، آپ دیکھیں کہ بانی پی ٹی آئی کے سوا انکی کوئی ڈیمانڈ نہیں ،نہ انہیں ملک کی فکر ہے نہ ملکی ترقی سے انہیں کوئی واسطہ ہے ۔ انکے ذہن میں ایسے پاکستان کا کوئی وجود نہیں جس میں بانی پی ٹی آئی حکمران نہ ہو،یہ جو ڈی چوک پر احتجاج کی کال آئی ہے ، اسکے پیچھے بھی یہی نظریہ اور ذہنی کیفیت بروئے کار ہے ۔ جیل میں بیٹھا شخص ملک کے خلاف سازش کررہا ہے ، پی ٹی آئی والے ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، یہ لوگ ریاست کو بلیک میل کرکے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا چاہتے ہیں۔ یہ اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں، ان کا کوئی بھی لیڈر دہشتگرد حملوں میں شہید ہونے والوں کے جنازے میں شرکت نہیں کرتا، انہوں نے کبھی دہشتگردی کی مذمت نہیں کی بلکہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں دہشتگردوں کو پاکستان میں لاکر بسایا۔ عدالتوں نے دھڑا دھڑ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا، عدالتوں کو نظر نہیں آرہا پی ٹی آئی والے ملک کی سالمیت کے ساتھ کیا کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر پلاننگ اورترقیاتی امور احسن اقبال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کراچی میں ہونے والی دہشتگردی اور پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال میں مماثلت ہے ،لگتاہے ان کا سکرپٹ رائٹر ایک ہی ہے ۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر ہو گا، پاکستان ہم سب کی انا اور سیاست سے بڑا ہے ، اسے کسی فرد کی انا کی خاطر قربان نہیں کیا جاسکتا ، کامیاب ممالک ایسے مواقع کا فائدہ اٹھاتے ہیں ، 2014 میں بھی پی ٹی آئی نے دھرنوں کے ذریعے چین کے صدر کا دورہ ملتوی کرایا تھا، احتجاج کی کال دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و ریاستی و سرحدی امور امیر مقام نے کہا پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان ملک دشمنی کا ثبوت ہے ، پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان مخالف ہے ، اہم اجلاس کے موقع پر احتجاج کا اعلان انکے عزائم ظاہر کرتا ہے ،پی ٹی آئی نے ایک بار پھر اپنا اصلی چہرہ دکھا دیا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے بیان میں بانی پی ٹی آئی کی خیریت سے متعلق خدشات پر وفاقی حکومت سے فوری جواب دینے کا مطالبہ کرتے کہا ہمیں احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے اور سابق وزیر اعظم کی خیریت بارے تشویش کو دور اور انکی خیریت سے متعلق خدشات پر ہمیں فوری جواب دیا جائے ۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے کہا شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو احتجاج ابھی طے نہیں ہوا ۔

جو مہمان ہیں، پاکستان کے مہمان ہیں، ہم کسی طور نہیں چاہتے کہ احتجاج ہو لیکن ہمیں مجبور نہ کیا جائے ،کریک ڈاؤن روکا جائے ، ہم یہاں امن چاہتے ہیں۔ ہمارے 7ایم این ایز کے گھروں پر چھاپے مارے گئے ،پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لیا ۔ ڈاکٹروں کو بانی پی ٹی آئی تک رسائی دی جائے ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی احتجاج کی کال کو افسوسناک اور ملک کیلئے نقصان دہ قرار دے دیا۔انہوں نے تحریک انصاف کو ہوش کے ناخن لینے کا مشورہ دیتے پیغام دیا کہ اس وقت دہشتگرد تنظیمیں قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کررہی ہیں، ملک کی خاطر اکٹھے ہوکر آگے بڑھنا چاہئے ۔پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا غیر ملکی اعلیٰ سطح کے وفود اور عالمی میڈیا کی موجودگی میں اسلام آباد میں تماشہ لگانا قابل مذمت ہے ، تحریک انصاف جتھوں اور انتشار کی سیاست سے ملکی مفادات پر حملہ کر رہی ہے ،کوئی شک نہیں جو دہشتگردی کررہا ہے وہ پی ٹی آئی کو استعمال کررہا ہے ۔ پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے پی ٹی آئی احتجاج کی شدید مذمت کرتے کہا عالمی سربراہ کانفرنس کے دوران احتجاج کا اعلان کسی عالمی ایجنڈے کاحصہ ہی ہوسکتا ہے ، پی ٹی آئی میں موجود سمجھدار افراد اس صورتحال کو سمجھیں اور ملک کیلئے بھی سوچیں، کیا کوئی محب وطن سیاسی جماعت ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتی ہے ۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر طلال چودھری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے کہا پی ٹی آئی احتجاج کی کال دشمن سوچ کی عکاس ہے ،تحریک انصاف احتجاج کے نام پر دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ، سب کچھ پلاننگ کے تحت ریاست کو کمزور کرنے کیلئے کیا جارہاہے ۔وزیراعظم مشیر سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہاتحریک انصاف سیاسی نہیں ملک دشمن جماعت ہے ، ایس سی او کانفرنس کے موقع پر کسی کو احتجاج نہیں کرنے دینگے ، احتجاج کرنے والوں کا بندوبست کیا جائے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ ایس سی او کانفرنس خوش اسلوبی سے آگے چلے گی، شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ خراب ہے ، انہوں نے اپنے مطالبات کے لئے ہمیشہ غیر جمہوری اور غیر مہذب طریقہ اپنایا۔ پی ٹی آئی نے 25 سال میں دنگا فساد کے علاوہ کوئی مثبت کام نہیں کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں