صحت انسانی زندگی کا معاملہ،کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی:مریم نواز
لاہور(دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ صحت انسانی زندگی کا معاملہ ہے اس میں غفلت وکوتاہی نہیں برداشت کی جائے گی ،پنجاب کے ہر ہسپتال کو بہتر سے بہترین کرنا چاہتے ہیں،کرسی ذمہ داریوں کا بوجھ ہے ۔
وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز جوبلی ٹاؤن میں انڈس ہسپتال کے نیوایمرجنسی بلاک کا افتتاح کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا وزٹ کیا۔انہوں نے اس موقع پر کہاکہ خدمت کی نیت اور خدا خوفی سے دن رات محنت کر رہے ہیں، پنجاب کے ہسپتالوں میں نوے فیصد تک مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ائیر ایمبولینس سروس کی وجہ سے روزانہ قیمتی جان بچانے میں قابل قدر کامیابی حاصل کر رہے ہیں ۔وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رجب طیب ارد وان ٹرسٹ کے تحت 70 لاکھ مریض مفت اور معیاری علاج سے مستفید ہو چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سرکاری ہسپتالوں میں انڈس ٹرسٹ کی معاونت سے بہتری لانے کے لئے مشترکہ پلان طلب کر لیا ۔انڈس ہسپتال میں خاتون نے پولیس کے خلاف دہائی دی اورپولیس افسروں کی جانب سے داد رسی نہ کرنے کی شکایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو موقع پر طلب کر لیا اور شکایت کا فوری ازالہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ مریم نوازشریف نے مہاجرپرندوں کے عالمی دن پر اپنے پیغا م میں کہاکہ پرندے فطرت کا حسین ورثہ ہیں اور حفاظت ہم سب کا فرض ہے ۔