ایس سی او کا نفرنس:غیر ملکی وفود کی آمد شروع:چینی وزیراعظم آج آئینگے پاکستان کو تنہائی کا شکار کہنے والے لوگ کدھر ہیں:اسحٰق ڈار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،نامہ نگار ،وقائع نگار،نیوزایجنسیاں)شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کیلئے غیرملکی وفود کی اسلام آباد آمد کاسلسلہ شروع ہوگیا ،نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحق ڈار کا کہناہے کہ آج وہ لوگ کدھر ہیں جو کہتے تھے پاکستان سفارتی تنہائی کا شکارہے۔
اہم مواقع پر احتجاج ایک سیاسی جماعت کا وتیرا ہے ،یہ سیاسی جماعت احتجاج کی کال دے کر ایس سی او کو سبوتاژ کرنے کی کوشش میں مصروف ہے ،قومی اہمیت کے ایونٹ کے موقع پر احتجاج مثبت پیغام نہیں ،انہیں اپنی غلطی درست کرنی چاہئے ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں 15 اور 16 اکتوبر کو شروع ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی کانفرنس کیلئے غیر ملکی وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ بھارت کا چار رکنی اور روس کا 76 رکنی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، اس کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے 7 نمائندے بھی پاکستان پہنچ گئے ۔
چین کا 15 رکنی وفد کرغستان کا 4 اور ایران کا دو رکنی وفد بھی ایئرپورٹ پہنچا ،وفود کی پاکستان آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے ۔دفتر خارجہ کے مطابق چینی وزیراعظم لی چیانگ 14سے 17اکتوبرکے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے ،چینی وزیراعظم کے ساتھ وزارت خارجہ اور تجارت کے حکام بھی ہوں گے ،فریقین علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی بات کریں گے ، چینی وزیراعظم صدرآصف علی زرداری ،پارلیمانی رہنماؤں اور اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے جبکہ ایرانی نائب صدر (اول)ڈاکٹر محمد رضا عارف کی کل پاکستان آمد متوقع ہے ،وہ سائیڈ لائنز پر پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے ،ان ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، خطے بالخصوص غزہ و لبنان کی صورتحال پر بات چیت متوقع ہے ۔گزشتہ روزایس سی او سربراہ کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے واک کا اہتما م کیاگیا ، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطائاللہ تارڑ نے واک کی قیادت کی ۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایس سی او سربراہ اجلاس کے شرکائکے خیرمقدم کیلئے تیار ہے ، بھارت کے وزیر خارجہ بھی ایس سی او کانفرنس میں شرکت کریں گے تاہم ان کی طرف سے دوطرفہ ملاقات کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، شاندار میزبانی کی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دیں گے ،کئی سال بعد پاکستان بڑے عالمی ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے ۔چین کے وزیراعظم پاکستان کا دوطرفہ دورہ کریں گے ۔ تمام اداروں اور محکموں نے باہمی تعاون سے بہترین انتظامات کئے ہیں ۔اسحق ڈار نے پاکستان تحریک انصاف کا نام لئے بغیر احتجاج کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطائاللہ تارڑ کا پریس کانفرنس میں کہناتھاکہ ایس سی او علاقائی تعاون سے متعلق اہم فورم ہے اور یہ سمٹ پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ ایس سی او کانفرنس میں علاقائی چیلنجز پر بات ہوگی جس میں عوامی روابط کے فروغ میں مدد ملے گی۔ پاکستان عالمی سطح پر ابھر رہا ہے اور دنیا نے جان لیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔