حق کیلئے اپنا سر پھاڑیں گے یا پہاڑ چیریں گے :گنڈاپور
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکاکہنا ہے کہ حق کے لیے اپنا سر پھاڑیں گے یا پہاڑ چیریں گے ۔ضلع خیبر میں ہونے والے جرگہ کے دوسرے روز وزیراعلیٰ پنڈال پہنچے اور شرکا سے خطاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر سیاسی بات نہیں کریں گے بلکہ روایات اور حق کی بات کریں گے ۔خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کا حق مانگو، وسائل کا حق مانگو یا اپنے لوگوں کا حق مانگو، آپ کو ظلم کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس بابت سوچنے کی ضرورت ہے اور یہ جرگہ اسی سوچ کا نتیجہ ہے ۔وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اس جرگے کی قرارداد مشترکہ طور پر منظور کریں گے ۔انھوں نے کہا کہ میں نے منظور پشتین کیپ پہن لی ہے جو شہیدوں کی ٹوپی ہے ۔علی امین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی آزادی کی تحریک سے اب تک پختون اور قبائل آزادی دلاتے آئے ہیں اور کشمیر بھی قبائل نے ہی آزاد کروایا تھا۔