علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت منظور ، جیل سے رہا

علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت منظور ، جیل سے رہا

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ) انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے ڈی چوک احتجاج پر درج مقدمہ میں گرفتار بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا جس کے بعد دونوں بہنوں کو جہلم سے رہا کر دیا گیا ۔

گزشتہ روز ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کے دوران پراسیکیوٹرراجہ نوید نے علیمہ خان، عظمیٰ خان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ دونوں احتجاج کو لیڈ کررہی تھیں،استدعا ہے کہ ضمانت کی درخواستیں مسترد کی جا ئیں ،دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے بیس بیس ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کرلیں۔دونوں بہنیں4 اکتوبر سے گرفتار ہیں اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں،بعد ازاں مچلکے جمع ہوجانے پر عدالت نے روبکار بھی جاری کردیں۔ دونوں بہنوں کا ڈسٹرکٹ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے استقبال کیا ہے ۔جیل کے باہر پی ٹی آئی کی خواتین اور مرد بڑی تعداد میں جمع ہیں،علیمہ خان کا بیٹا شہروز اور بہن نورین نیازی بھی جیل کے باہر موجود ہیں،پولیس کی بھاری نفری جیل کے باہر سکیورٹی کے لیے موجود تھی۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے سنگجانی جلسے کے حوالے سے تھانہ ترنول میں درج مقدمہ میں پی ٹی آئی ایم این اے زرتاج گل کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران زرتاج گل وکلا نیاز اللہ نیازی ، مصروف آمنہ علی کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں،دوران سماعت عمر ایوب خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا اور عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 19 نومبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں