کاشتکاروں کو گندم کا بیج ،کھادسستی دینگے :مریم نواز

کاشتکاروں کو گندم کا بیج ،کھادسستی دینگے :مریم نواز

لاہور(دنیانیوز،نیوزایجنسیاں) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے جدید اورسائنٹیفک طریقہ کار اختیارکریں اور مشینری کا استعمال کیاجائے یہ ضروری ہے۔

 پنجاب کے کاشتکار کو گندم کی فصل کے لئے بیج او رکھاد سمیت دیگر زرعی مداخل سستے فراہم کرینگے ۔وزیراعلیٰ نے ایگری کلچر سے متعلق امورپر خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے ٹیکنالوجی پر زیادہ سے زیادہ انحصار ضروری ہے ، زیر کاشت سرکاری رقبے پر گندم کی کاشت لازم قراردی گئی ہے ۔اجلا س میں مریم نوازشریف کوبریفنگ کے دوران بتایاگیاکہ پنجاب میں چاول کے زیرکاشت رقبے میں اورپیداوار میں اضافہ متوقع ہے ،جس سے ایک ارب ڈالر ایکسپورٹ بڑھنے کا امکان ہے ، گزشتہ برس 4ارب ڈالر کا رائس ایکسپورٹ ہوا جبکہ رواں سال 5ارب ڈالر ایکسپورٹ متوقع ہے ۔ گندم کی پیداوار میں 30فیصد اضافے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ پنجاب بھر میں زیر کاشت سرکاری رقبے پر گندم کی کاشت لازمی قراردے دی گئی ہے ۔ بریفنگ میں مزید بتایاگیاکہ پنجاب میں 11لاکھ 42ہزار کاشتکار کسان کارڈ کے لئے رجسٹریشن کرا چکے ہیں، 3لاکھ کسان کارڈ کاشتکاروں تک پہنچ چکے ہیں،کسان کارڈ کے لئے پنجاب بھر میں 2600 ڈیلر رجسٹر کئے گئے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ15 لاکھ کاشتکارسی ایم گرین ٹریکٹر پروگرام پورٹل پر آچکے ہیں،9500 ٹریکٹرز کے لئے قرعہ اندازی ہوگی۔ 4ایگری مال کی تعمیر تیزی سے جاری امدادی نرخ پر کاشتکارو ں کو 737سپر سیڈر مہیا کئے جا چکے ہیں ۔ ٹماٹر اورپیاز کے زیر کاشت رقبے میں 5فیصد جبکہ پیداوار میں 10فیصد اضافے کی توقع ہے جبکہ کارپوریٹ فارمنگ کے لئے 82فارمر گروپ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں ۔قبل ازیں ایوان صدر اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان یحیی آفریدی کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال پر مریم نواز نے کہاکہ علی امین گنڈاپورجس جج کی مخالفت کرتے تھے انہی کی حلف برداری کی تقریب میں آگئے ، صحافیوں نے مریم اورنگزیب کا لاہور لے جانے کا شکوہ کیا جس پر مریم نواز نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وہ یہاں آپ کے سوالوں کے جواب کے لئے موجود ہیں۔ مریم نواز نے شمالی وزیرستان چیک پوسٹ پر خود کش حملہ میں 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیااورسوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایوارڈ یافتہ نامور موسیقارالطاف حسین طافو خان کے انتقال پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں