شمالی وزیرستان:فورسزکی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ،2فوجی ،4اہلکاروں سمیت8شہید

شمالی وزیرستان:فورسزکی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ،2فوجی ،4اہلکاروں سمیت8شہید

میر علی(دنیا نیوز،اے پی پی )خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 افراد شہید اور 5 زخمی ہوگئے ۔

میرعلی کے علاقے عیدک میں پولیس اور آرمی کی جوائنٹ چیک پوسٹ ‘اسلم’ پر خودکش حملہ ہوا،سینئر پولیس آفیسر کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرا رکشہ چیک پوسٹ سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑا دیا، شہید افراد میں 2 فوجی ،4 پولیس اہلکار اور 2 عام شہری شامل ہیں، دھماکے میں چیک پوسٹ کے ساتھ ساتھ ایک فوجی گاڑی کو بھی نشانہ بنایا گیا ،زخمیوں کو فوری طور پر میران شاہ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث شہید افراد کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے ، سکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کر لیا اور مزید کارروائی جاری ہے ،ایک دوسرے واقعے میں صوبہ خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک کے گاؤں گل امام میں فوجی قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا، دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ، صدر مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بھی واقعے کی شدید مذمت کی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں