سندھ ہائیکورٹ کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کاحکم

سندھ ہائیکورٹ کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کاحکم

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواستوں پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے متعلقہ حکام کو 4 ہفتوں میں دوبارہ امتحان لینے کا حکم دے دیا۔

جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس امجدعلی سہتوپرمشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو ایم ڈی کیٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ٹیسٹنگ ایجنسی کا مقصد الگ ہوتا ہے لیکن آپ جامعات کو پھنسا دیتے ہیں، کبھی جناح سندھ یونیورسٹی کو ذمہ داری دی کبھی ڈاؤ یونیورسٹی کو۔ شیریں ناریجو نے بتایا کہ کمیٹی کی تحقیقات میں امتحان کے نظام میں خامیاں پائی گئی ہیں ۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیئے کہ جو بچے امتحان میں بیٹھے ہیں انکے ساتھ کوئی کھیل نہ کھیلا جائے ،ہم بچوں کے سر پر تلوار تو نہیں لٹکنے دے سکتے ۔انہوں نے پی ایم ڈی سی کے وکیل سے کہا کہ جہاں طاقتور لوگ ہیں وہاں آپ کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ، آپ ان کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں ،بظاہر یہ امتحان کمپرومائزڈ ہوا ہے ۔ عدالت نے وقفے کے بعد درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے متعلقہ حکام کوحکم دیاکہ 4 ہفتوں میں دوبارہ امتحان لینے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں