معیشت کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہونگے،ٹیکس کیلئے کسی کو ہراسا نہیں کیا جائیگا:وزیر خزانہ

معیشت کی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کرنا ہونگے،ٹیکس کیلئے کسی کو ہراسا نہیں کیا جائیگا:وزیر خزانہ

واشنگٹن(دنیانیوز ، ایجنسیاں )وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ٹیکس کیلئے کسی کو ہراساں نہیں کیا جائیگا نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خرید سکے گا، معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے ۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ نان فائلر سے متعلق قانونی کور کی ضرورت ہے اور ہم نان فائلر کی اصطلاح ہی ختم کر رہے ہیں۔ چھ ماہ سے معاشی بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں جس کے سبب پاکستان میں مہنگائی کی شرح اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے ، ہم ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو 9 سے 13 فیصد تک لائیں گے ۔تمام ریٹنگ ایجنسیاں کہہ رہی ہیں ،پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے ۔ آئی ایم ایف کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے اور کوشش ہوگی آئی  ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں ،گرانٹ دے گا۔امریکا میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں جبکہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ سے بھی ملاقاتیں کیں، امریکا میں بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے ۔وفاقی وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لیکون سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے بینک کی فراہم کردہ معاونت کا اعتراف کیا اور 2022 کے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے بینک کی فراہم کردہ معاونت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جزوی کریڈٹ گارنٹی کے ساتھ پانڈا بانڈ کے اجرا کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے اس حوالے سے ایک نو ڈِیل روڈ شو اور بعد ازاں ڈیل روڈ شو کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے این 5 ، (جی ٹی روڈ) کی تعمیر نو کے منصوبے میں اے آئی آئی بی کو سرمایہ کاری کی دعوت دی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور آفات کی تیاریوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے اشتراک کار کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے بینک کے نائب صدر (آپریشنز) کے آئندہ دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نائب صدر کے دورہ پاکستان کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ جاری منصوبوں کا جائزہ اور مستقبل کی سرمایہ کاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لیکون کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جس کے جواب میں انہوں نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرتے ہوئے بعد میں باہمی طور پر طے کردہ مناسب تاریخوں پر پاکستان کا دورہ کرنے پرآمادگی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران فریقین نے کسٹمرز کے لئے زیادہ بہتر انتخاب اور گھریلو لین دین کی پروسیسنگ کے لئے یکساں مواقع کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ اپنے دورہ کے آخری روز وزیر خزانہ نے چین کے نائب وزیر خزانہ لیاؤ من سے ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان سدا بہار سٹراٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کا اعادہ کیا۔

انہوں نے بی وائی ڈی کی جانب سے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خزانہ نے فنانسنگ بیس کو متنوع بنانے کے لئے چینی مارکیٹ میں افتتاحی پانڈا بانڈ کے اجرا کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے چینی کارکنوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے چین کے نائب وزیر خزانہ کو بتایا کہ چینی کمپنیوں کی اکثریت پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینا اور روزگار کے مواقع بڑھانا چاہتی ہے ۔ انہوں نے چین کے ساتھ کرنسی سویپ معاہدے کے تحت دائرہ کار میں اضافہ کی خواہش کا اظہار کیا۔ فریقین نے آن لائن سیٹلمنٹ کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستانی نژاد امریکن ٹیک انٹرپرینیورز سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے آئی ٹی کو معیشت کے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سے ایک شعبہ قرار دیا اور بتایا کہ فری لانسنگ کے لحاظ سے پاکستان سرفہرست 5 ممالک میں شامل ہے ۔ انہوں نے ملک کی بڑھتی ہوئی برآمدات میں آئی ٹی سیکٹر کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو قانون سازی، پالیسی، ریگولیٹری اور وسیع آپریشنل اقدامات کے ذریعے فعال کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں