نئی ترمیم آج نہیں تو کل واپس،عدالت جائینگے :حافظ نعیم

نئی ترمیم آج نہیں تو کل واپس،عدالت جائینگے :حافظ نعیم

لاہو ر(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پوری حکومت جھوٹ پر کھڑی ہے ، یہ فیک نیوز کو فیک کہتے ہیں تو عوام نہیں مانتے ۔

 آئینی ترمیم سے عدلیہ پر قبضہ جمانے کی کوشش کی، یقین سے کہتا ہوں کہ ترمیم آج نہیں تو کل واپس ہو جائے گی، وکلااس کیخلاف ہیں، جماعت اسلامی عدالت جائے گی۔ ملک میں 77برسوں سے کوالٹی ایجوکیشن دستیاب نہیں، دنیا کی ٹاپ دو سو یونیورسٹیز میں پاکستان کی ایک جامعہ بھی شامل نہیں، پونے دو کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، صرف 19لاکھ نوجوان یونیورسٹیوں میں موجود ہیں جوعمر کے تناسب سے ایک فیصد سے بھی کم ہیں ، اڑھائی لاکھ سرکاری و نجی اداروں میں ڈھنگ کی تعلیم میسر نہیں، پنجاب حکومت مزید 14ہزار سکولوں سے جان چھڑوا کر پرائیویٹ سیکٹر کودینا چاہتی ہے ۔اسلامی نظام ہی مسائل کا حل ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں کالجز، یونیورسٹیز کی طالبات، مختلف طبقہ ہائے فکر کی نمائندہ خواتین کے کل پاکستان سیشن سے خطاب میں کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکمرانوں نے تعلیم تجارت بنادی ،نئی نسل اندھی تقلید نہ کرے ، ہماری جدوجہد میں شامل ہوجائے ، تنگ آ کر ملک نہ چھوڑیں، منظم پرامن مزاحمتی تحریک چلا کرہمیں متحد ہوکر اس طبقے سے جان چھڑوانی ہے جو بیوروکریسی اور جاگیرداروں کی صورت میں وسائل پر مسلط ہے ، یہ ٹیکس بھی نہیں دیتے ، یہ آئی پی پیز، شوگر، ادویات، آٹا، گندم مافیاز بن کر ہرحکمران پارٹی میں موجود ہیں۔’’بنوقابل پروگرام کے ذریعے دو برس میں دس لاکھ نوجوانوں کو فری آئی ٹی ٹریننگ کرائیں گے ، بدقسمتی سے پی ٹی آئی نے فارم 47سے متعلق بیانیہ پر کمپرومائز کر لیا، اب نئے الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہے ، اسی نظام کے تحت نئے الیکشن سے بھی کچھ نہیں ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں