بدترین سموگ:لاہور میں اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس1591ریکارڈ:بیماریوں میں اضافہ

بدترین سموگ:لاہور میں اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس1591ریکارڈ:بیماریوں میں اضافہ

لاہور(سٹی رپورٹر،سیاسی نمائندہ ،اپنے رپورٹر سے )لاہور میں سموگ کی شدت نے بدترین صورتحال اختیار کرلی ،گزشتہ روز تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ، اوسط ائیرکوالٹی انڈیکس 15 سو 91 کی انتہائی بلند ترین سطح تک جا پہنچا،صرف بارش سے ملنے والی قدرت کی مدد ہی بدترین صورتحال سے نجات دلانے کی واحد اُمید رہ گئی۔

گزشتہ روز دوپہر کولاہور کا اوسط اے کیوآئی 15 سو 91 کی انتہائی بلند ترین سطح پر جا پہنچا شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔گلبر گ میں سب سے زیادہ 2ہزار 816 اے کیوآئی ،فیروز پور روڈ پر 1645 اوربیدیاں روڈ پر 1491 رہا۔ لاہور کے بیشتر علاقوں میں اے کیو آئی ہزار سے زیادہ رہا جو سنگین صورتحال ہے ، عالمی معیار کے مطابق ایئرکوالٹی انڈیکس100درجے تک نارمل ہوتاہے ،اس سے زیادہ ہونے پر مضر صحت ہوجاتاہے ۔ہسپتالوں میں سموگ پرمختلف امراض میں مبتلا ہونے والوں کی قطاریں لگی رہیں ،بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

ماہر ماحولیات شہزاد احمد نے روزنامہ دنیاکو بتایا لاہور کی تاریخ میں سموگ کی پہلے کبھی ایسی صورت پیدا نہیں ہوئی ،یہ سب ہماری کوتاہیوں کو نتیجہ ہے ، بدترین صورتحال میں بہتری کی صرف بارش ہی واحد اُمید رہ گئی۔دیگر شہروں میں بھی سموگ اور شدید دھند کا راج رہا ، ملتان میں اے کیوآئی 425، فیصل آباد 405، اسلام آباد 186 ،راولپنڈی 199 اورپشاور میں270رہا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند سے حد نگاہ صفر ہونے پر کئی موٹر ویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ، موٹر وے ایم 2 شیخوپورہ سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے درکھانہ، ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور ایم 5 شیر شاہ سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی۔لاہور سیالکوٹ موٹر وے کو بھی بند کر دیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے بیشتر اضلاع میں آج ہلکی بارش کی پیشگوئی کردی۔بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقا مات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش کالام میں 13ملی میٹر ہوئی ، دیربالا،دروش ،میرکھانی اور چترال میں بھی بادل برس پڑے ۔

آج اور کل اسلام آباد،راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، پشاور، ہنگو، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، میانوالی، خوشاب ،سرگودھا میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی لاہور نے سموگ پراحتیاطی تدابیر کا نوٹیفکیشن جاری ،17 نومبر تک تمام تجارتی مارکیٹس، دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز 8 بجے بند ہونگے جبکہ مذہبی رسومات ،فارمیسی ،کریانہ سٹور،مٹھائی گوشت کی دکانیں پابندی سے مشتثنیٰ ہیں ،شادی ہالز میں ان ڈور تقریبات 10 بجے تک ایس او پیز کیساتھ جاری رہیں گی ،آؤٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہے ،ان ڈور ڈائننگ اورٹیک اوے یا پارسل کی اجازت رات 1بجے تک ہوگی ، بیرونی کھیلوں کے پروگرام، نمائشوں اور تہواروں سمیت تمام بیرونی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی،پابندیوں کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔شہری معلومات اور شکایات کیلئے ڈی سی دفترکنٹرول روم نمبر 03070002345 پر واٹس ایپ میسج یا دیگرسوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رابطہ کر سکتے ہیں ۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بدترین سموگ پرتمام مسلمان آج بعد نماز جمعہ نماز استسقا ادا اور دعا کریں کہ اللہ پاک سموگ اور موسم کی سختی کو بارش کے ذریعے دور فرما دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں