اچکزئی کاپی ٹی آئی کو سول نافرمی تحریک موخر کرنیکا مشورہ

اچکزئی کاپی ٹی آئی کو سول نافرمی تحریک موخر کرنیکا مشورہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے پاکستان تحریک انصاف سے سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کرنے کی اپیل کر دی۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے حکومت کے ساتھ مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہے ، پی ٹی آئی سے اپیل ہے کہ سول نافرمانی کی تحریک مؤخر کر دے ۔ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کو مشورہ دیا ہے کہ مذاکرات میں طے ہونا چاہئے کہ حکومت کب ہٹے گی، بات چیت سے مسائل کا حل نکلے تو اس سے اچھی کوئی اور بات نہیں ہے ، اگر بات چیت سے مسائل حل نہیں ہوتے تو تحریک چلانی پڑے گی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں چار ماہ میں انتخابات کا مطالبہ کرتا ہوں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں محموداچکزئی نے کہا کہ بغیر حکمت عملی چڑھ دوڑنے سے بہتر ہے ضلعی سطح پراحتجاج ہو، رہنماؤں کے نرم روئیے سے اپنا ہی نقصان ہوا، پی ٹی آئی قیادت کے فیصلوں میں ابہام سے نقصان ہوا۔محموداچکزئی نے بانی کی رہائی کیلئے حکمت عملی کے فقدان کی نشاندہی کی۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے ماضی قریب میں پی ٹی آئی کے سولو فلائٹ کے بیانات کا ذکر کیا۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے 14 دسمبر سے ملک میں سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ پی ٹی آئی رہنماؤں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوتے تو سول نافرمانی کی تحریک پر ہر صورت عمل درآمد ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں