چینی کمپنیوں کو ون ونڈو آپریشن سے سہولت دینگے :مریم نواز

چینی کمپنیوں کو ون ونڈو آپریشن سے سہولت دینگے :مریم نواز

بیجنگ (دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے دورہ چین کے چھٹے روز گوانگ ژو میں انوسٹمنٹ کانفرنس کی صدارت کی جس میں چین کی 60سے زائد نمایاں کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی۔

 مریم نواز نے کانفرنس میں ورکنگ گروپ قائم کرنے ،فوکل پرسن مقرر کرنے اورہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے چین کی ٹیکنالوجیز کمپنیوں کوپنجاب میں آپریشن شروع کرنے کی دعوت دی جس پر چینی ٹیکنالوجی کمپنیز کا پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چینی کمپنیوں کو پنجاب میں ون ونڈو آپریشن سے سہولت دینے کا فیصلہ کیا اور پنجاب کو چینی کمپنیوں کے لئے مواقع کی زمین قرار دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے نو ٹو پلاسٹکمہم شروع ہوچکی ہے ، ستھراپنجاب کے تحت زیرویسٹ مشن شروع ہوچکا ہے ،چینی کمپنیوں کی معاونت اور اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے ۔ ویسٹ کو قابل تجدید انرجی میں تبدیل کرنے کے پراجیکٹ شروع کررہے ہیں،سستی بجلی کے حصول کیلئے ونڈ مل،سولر انرجی اور قابل تجدید انرجی کے ذرائع پر توجہ دی جارہی ہے ،پنجاب میں سولرائزیشن کے لئے میگا پراجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے ،چینی کمپنیوں کے اشتراک کار کا خیر مقدم کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ زراعت کے سب سیکٹرکی مشینری، مینوفیکچرنگ، فوڈ پراسیسنگ اور ہائیبرڈ بیج کو ڈویلپمنٹ کے اشتراک کار سے ممکن بنائیں گے ۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں جدت لانا وقت کی ضرورت ہے ،پنجاب میں ای کامرس،انکیوبیٹر سنٹر،ای لرننگ میں سرمایہ کاری کو ویلکم کریں گے ۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنانا چاہتے ہیں،چینی کمپنیاں یہاں سرمایہ کاری کرسکتی ہیں۔ پاک چائنا تعلقات کے فروغ کیلئے چینی سرمایہ کاروں کا رد عمل حوصلہ افزا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیا، مڈل ایسٹ اور دیگر ممالک کیلئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے ، پاکستان گلوبل ٹریڈ روٹ کا قابل قدر حصہ ہے ۔ٹیلی میڈیسن ٹیکنیک کیلئے چین کے ہیلتھ سسٹم سے مستفید ہونگے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی کمپنیوں کے لئے پنجاب میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کا بہترین وقت ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ مریم نواز سے گوانگ ژو کے وائس گورنر زینگ گوزی نے ملاقات کی اوروزیراعلیٰ کے اعزاز میں خصوصی سٹیٹ ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے وفد کی پزیرائی اور پرتپاک خیر مقدم ہمیشہ یاد رہے گا،پاکستان اورچین ایک دوسرے سے اخلاص کی ڈوری میں بندھے ہیں،چین تاریخ کے ہر موڑ پر ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑارہا۔ مریم نواز نے کہا کہ دورہ چین بصیرت افروز ہے ، بہت کچھ جاننے سمجھنے اور دیکھنے کا موقع ملا۔ مجھے یقین ہے کہ پنجاب کے عوام دورہ چین کے ثمرات سے پوری طرح مستفید ہوں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں