عوام کو گورننس میں بہتری کا واضح فرق نظر آنا چاہتے:مریم نواز

عوام کو گورننس میں بہتری کا واضح فرق نظر آنا چاہتے:مریم نواز

لاہور (سٹاف رپورٹر،آئی این پی ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تجاوزات کو مستقل بنیادوں پر ختم کرنے کا حکم دے دیا، وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں راولپنڈی، جہلم، مری اور چکوال کے ڈپٹی کمشنرز نے کے پی آئیز کے مطابق رپورٹس پیش کیں۔

وزیر اعلیٰ نے چکوال کے ڈویژنل پبلک سکول میں عمدہ لائبریری کے قیام کو سراہا اور چکوال میں جنگ عظیم اول کی تاریخی یادر گار بنانے پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا،مریم نواز نے مری کے سپیشل ایجوکیشن سکول میں آٹزم کلاس رومز بنانے پر ڈپٹی کمشنر کو شاباش دی، جبکہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سرگودھا اور راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنرز کو سراہا، اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے تمام بڑے شہروں میں انڈر پاسز کے اطراف اور اوورہیڈ بریج کے نیچے گرین بیلٹس بنانے کا حکم دیا، جبکہ لاہور اور راولپنڈی سمیت تمام شہروں میں اوور ہیڈ بریج اور انڈر پاسز کی بیوٹیفکیشن کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے تعلیمی اداروں کے سامنے سڑک پر زیبرا کراسنگ کے ساتھ کیٹ آئیز بھی لگانے کا حکم دیا، وزیر اعلیٰ نے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ بہتر بنانے کی ہدایت کی اور مین ہولز پر پلاسٹک سے بنے ڈھکن لگانے کا حکم دیا۔

مریم نواز نے صفائی اور اشیائے ضروریہ کے نرخوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی ۔ دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کو گورننس میں بہتری کا واضح فرق نظر آنا چاہیے ، عوامی امور میں ہر روز بہتری لائی جائے اور شہروں کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے ، بڑے شہروں میں ماڈل ریڑھی بازاروں کی تعداد بڑھائی جائے ۔ گلی محلوں میں گڑھے نظر نہیں آنے چاہئیں، مری میں ڈرین کی صفائی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے ، مری کے داخلی راستوں پر ویلکم ٹو مری کے سائن بورڈز لگائے جائیں، راولپنڈی شہرمیں بیوٹیفکیشن کے لئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کچے میں فرائض ادا کرنے والے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہارڈ ایریا الاؤنس کی منظوری دے دی،کچہ ایریا کی چوکیوں اور تھانوں پر ڈیوٹی دینے والے 943 پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے ہارڈ ایریا الاؤنس منظورکیاگیا، ہوم ڈیپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں