ترکیہ بزنس کمیونئی کیلئے ون ونڈو آپریشن مزید فعال بنایا جائیگا:مریم نواز
لاہور (نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش بستاغ نے ملاقات کی۔ باہمی ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا اور تجارت، تعلیم، صحت، زراعت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ملاقات میں ترکیہ کو پاکستان کا عظیم دوست اور بھائی قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ نے ترکیہ کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،شکرگزار ہیں۔پنجاب حکومت ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ ترکیہ بزنس کمیونٹی کے لیے ون ونڈو آپریشن کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ قونصل جنرل درمش بستاغ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں جاری عوامی فلاح کے منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ترکی پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے تیار ہے ۔ ادھر سال نو کے موقع پر مریم نواز نے کہا کہ عوام نئے سال کی خوشیوں کو ذمہ داری سے منائیں۔ نئے سال کا آغاز ایک محفوظ اور پرامن ماحول میں کرنا چاہیے ۔ پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔