آئی ایم ایف شرط پر کیپٹوپاور پلانٹس کیلئےگیس مزید مہنگی کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (مدثرعلی رانا) آئی ایم ایف شرط پر کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس قیمتوں میں 1100 روپے تک فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی تجویز ہے ، باوثوق ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی شرط پر رواں ماہ ہی کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
اگر کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس قیمتوں میں اضافہ نہ کیا گیا تو اقتصادی جائزہ میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے ، ذرائع کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس مہنگی کرنے کی مختلف تجاویز ہیں اور کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے فی ایم ایم بی ٹی گیس کی قیمت بڑھ کر 43 روپے تک ہو سکتی ہے ، وزارت توانائی کی دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف شرط پر کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے جون میں بھی گیس مہنگی کی گئی تھی، اس وقت ایس این جی پی ایل اور ایس ایس جی سی ایل دونوں گیس کمپنیاں 1180 کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس فراہم کر رہی ہیں ،کیپٹو پاور پلانٹس 242 مقامی اور 156 ایم ایم سی ایف ڈی درآمدی گیس استعمال کر رہے ہیں، آئی ایم ایف نے کیپٹو پاور پروڈیوسرز کو دی گئی مراعات واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ، گیس قیمتوں میں اضافے کی رپورٹ آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کی جائے گی، اس سے قبل کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3000 روپے سے زائد میں فروخت کی جا رہی تھی اور اب چند دنوں میں کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس قیمتیں مزید بڑھا دی جائیں گی، ذرائع بتاتے ہیں کہ جون میں جب کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا تو یہ بھی طے پایا تھا کہ یکم جنوری 2025 سے دوبارہ گیس نرخوں کا جائزہ لیکر قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا، آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کیپٹو پاور پروڈیوسرز کو دی گئی مراعات واپس لی جائیں دیگر صارفین کی طرح کیپٹو پاور پروڈیوسرز کیلئے گیس نرخوں میں وقت پر اضافہ کیا جائے ۔