9مئی:19مجرموں کی سزائیں معاف:رحم کی مزید48درخواستیں کورٹس آف اپیل کو ارسال،معافی ہمارے انصاف کی مضبوطی کا ثبوت:آئی ایس پی آر

9مئی:19مجرموں کی سزائیں معاف:رحم کی مزید48درخواستیں کورٹس آف اپیل کو ارسال،معافی ہمارے انصاف کی مضبوطی کا ثبوت:آئی ایس پی آر

راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک فوج کی کورٹس آف اپیل نے سانحہ 9 مئی 2023 کے 19 مجرموں کی سزاؤں میں معافی کا اعلان کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق سانحہ 9 مئی کی سزاؤں پر عمل درآمد کے دوران مجموعی طورپر67 مجرموں نے قانونی حق استعمال کرتے ہوئے رحم اور معافی کی پٹیشنز دائر کیں ،48 پٹیشنز کو قانونی کارروائی کیلئے کورٹس آف اپیل میں نظرثانی کیلئے ارسال کیا گیا،19مجرموں کی پٹیشنز کو خالصتاً انسانی بنیادوں پر قانون کے مطابق منظور کیا گیا، دائر کی گئی دیگر رحم کی پٹیشنوں پر عملدرآمد مقررہ مدت میں قانون کے مطابق کیا جائے گا ، جن 19 مجرموں کی سزائیں معاف کی گئی ہیں ان میں محمد ایاز ولد صاحبزادہ خان،سمیع اﷲ ولد میرداد خان،لئیق احمد ولد منظور احمد،امجد علی ولد منظور احمد،یاسر نواز ولد امیر نواز خان،سعید عالم ولد معاذاﷲ خان،زاہدخان ولد محمد نبی،محمد سلیمان ولد سعیدغنی جان،حمزہ شریف ولد محمد اعظم ، محمد سلمان ولد زاہد نثار،اشعر بٹ ولد محمد ارشد بٹ، محمد وقاص ولد ملک محمد خلیل،سفیان ادریس ولد ادریس احمد،منیب احمد ولد نوید احمد بٹ،محمد احمد ولد محمد نذیر،محمد نواز ولد عبدالصمد،محمد علی ولد محمد بوٹا،محمد بلاول ولد منظور حسین اور محمد الیاس ولد محمد فضل حلیم شامل ہیں۔

ان مجرموں کوضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد رہا کیا جا رہا ہے ،دیگر تمام مجرموں کے پاس بھی اپیل کرنے اور قانون اور آئین کے مطابق دیگر قانونی حقوق برقرار ہیں ،سزاؤں کی معافی ہمارے منصفافہ قانونی عمل اور انصاف کی مضبوطی کا ثبوت ہے ۔یہ نظام ہمدردی اور رحم کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے ۔خیال رہے معافی پانے والے مجرموں کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد ہونے والے پی ٹی آئی کے ملک گیر احتجاج کے دوران فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچانے پر فوجی عدالتوں سے 2،2سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی،اس سے قبل اپریل 2024 میں قانون کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 20 مجرموں کی رہائی کا حکم صادرکیاگیاتھا۔واضح رہے کہ 21 دسمبر 2024 کو آئی ایس پی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سانحہ 9 میں ملوث 25 مجرموں کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی ہیں۔بعدازاں 26 دسمبر 2024 کو آئی ایس پی آر نے اعلان کیا تھا کہ سانحہ 9 مئی میں ملوث عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت مزید 60 مجرموں کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنادی گئی ہیں، ملزموں کو مرحلہ وار جیل منتقل کیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں