پرسوں عمران کو سزا ہوئی تو پھر بھی مذاکرات جاری رہیں گے:تحریک انصاف:کیا جتھے کے حملے پر جوڈیشل کمیشن بنادیں؟:مشیر وزیراعظم

پرسوں عمران کو سزا ہوئی تو پھر بھی مذاکرات جاری رہیں گے:تحریک انصاف:کیا جتھے کے حملے پر جوڈیشل کمیشن بنادیں؟:مشیر وزیراعظم

پشاور(دنیا نیوز ،آئی این پی)سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پرسوں 6 جنوری کو عمران خان کو سزا ہو بھی جاتی ہے تو مذاکرات کا عمل جاری رہے گا، سول نافرمانی تحریک بوگس نظام کے خلاف ہے ۔

وزرا اوورسیز پاکستانیوں کو پاسپورٹ بلاک کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں،بیرون ملک مقیم لوگ موجودہ نظام سے بیزاری کا اظہار کر رہے ہیں اورحکومت سے مایوس ہو چکے ہیں، سول نافرمانی تحریک پاکستان نہیں فارم 47 حکومت کے خلاف ہے ، اوورسیزپاکستانی حکومت کی فسطائیت سے گھبرانے والے نہیں۔ 3 ماہ میں معلوم ہو جائے گا سول نافرمانی تحریک کے کیا اثرات ہیں۔ انہوں نے کہابانی واضح کہہ چکے ہیں 9 مئی، 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن، قیدیوں کی رہائی ہمارا مطالبہ ہے ، 190 ملین پاؤنڈ کیس ، بریت کا کیس ہے ۔اگر بانی کو سزا ہو بھی جاتی ہے تو مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے ، ہم کوئی ڈیل نہیں مانگ رہے ، جوڈیشل کمیشن کے ذریعے انصاف مانگ رہے ہیں۔مذاکرات میں جو مطالبات پیش کئے گئے ہیں سول نافرمانی تحریک ان سے مشروط ہے ۔جن کے پاس عوامی مینڈیٹ نہیں انہیں حکومت دے دی گئی، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی، تحریک انصاف مسلح تنظیم نہیں ملک کی بڑی سیاسی جماعت ہے ، سول نافرمانی تحریک کی کال واپس لی ہے نہ لچک دکھائیں گے ، ملٹری کورٹس سے کارکنوں کی رہائی میں ڈیل کا کوئی چکر نہیں۔شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے حکومت سے مذاکرات میں ابھی سنجیدہ گفتگو کا دور شروع نہیں ہوا، جب سنجیدگی نظر آئی تو ڈیڈلائن کی بات بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھی جا سکتی ہے ۔ ہم نے کمیٹی میں بھی 26 نومبر کے شہیدوں کے لیے انصاف مانگا ہے ۔

   اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی) وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے سوال اٹھایاہے کیا وفاق پر جتھے کے حملے پر جوڈیشل کمیشن بنادیں؟۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے کہا تھا مذاکراتی کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی نے اپنے جاں بحق افراد کی فہرست نہیں دی۔انہوں نے استفسار کیا کہ ننکانہ صاحب میں 2019 کے قتل کی تصویر کس نے اسلام آباد فائرنگ کے نام سے شیئر کی؟ چونگی نمبر 26پر جلوس میں شامل لوگوں نے فائرنگ کی تھی، صوبائی حکومت نے مسلح جتھا لے کر وفاق پر حملہ کیا، انہوں نے کہاکہ جو کہتے ہیں کہ 13افراد ہلاک ہوئے ، کوئی آکر بتائے میں وہاں موجود تھا جہاں یہ قتل ہوا۔ پی ٹی آئی نے 15دن خود ضائع کر دئیے اب ڈیڈ لائن 31جنوری سے بڑھائیں، امید تھی کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی تحریری چارٹر آف ڈیمانڈ دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں