پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی

پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی

راولپنڈی(دنیا نیوز)تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے گزشتہ روز ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔

ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹی کو اتوار یا پیر کے روز ملاقات کا کہا گیا تھا، پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان ملاقات نہ ہونے پر آبائی حلقوں کی طرف روانہ ہوگئے، سابق سپیکر اسد قیصر صوابی چلے گئے ۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ون آن ون ملاقات کا امکان ہے۔ دوسری طرف سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ عمران خان سے کھل کر تمام باتیں ہوجائیں پھر ان کی مشاورت کے بعد مذاکرات کا اگلا دور ہوگا،ابھی تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی گئی، ہم جلد از جلد عمران خان سے ملاقات چاہتے ہیں تاکہ بات کو آگے بڑھایا جاسکے، ہماری ڈیمانڈ زواضح ہیں اس میں لکھ کر دینے کی ضرورت نہیں ،اگر حکومت کی طرف سے اصرار ہوتا ہے تو ہم ڈیمانڈز لکھ کر دینگے ، عمران خان کو لکھ کر دینے میں کوئی ایشو نہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر عمران خان رہا ہونگے تو وہ ماحول ملے گا جس سے گفتگو آگے بڑھ سکے گی، اگر ماحول بہتر نہ ہوا تو جہاں ہم کھڑے ہیں وہاں ہی کھڑے رہیں گے، عمران خان کی رہائی کو لیکر ہم کسی کی طرف نہیں دیکھ رہے، عمران خان کو کوئی ڈیل یا آفر نہیں دی گئی، اسیران کے ساتھ جوسلوک ہوگا وہی عمران خان کے ساتھ ہونا چاہئے، ضمانتیں سب کو ملنی چاہئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں